لاہور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ شروع کردی گئی۔ شہروں میں 6اور دیہات میں 10گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔ ارسا کو شیڈول بھیج دیا گیا ہے۔ سندھ اور پنجاب کی نہریں 25 دسمبر سے بند ہوں گی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق شہر اور گردونواح میں گزشتہ رات 1 بجے سے لیکر دوپہر 2 بجے تک بجلی کا مکمل کریک ڈائون رہا جس سے شہری و دیہی علاقے مکمل طور پر تاریکی میں ڈوب گئے۔ واپڈا ذرائع نے بجلی کی اس غیراعلانیہ طویل بندش کو گرڈ سٹیشن میں فنی خرابی قرار دیا، بجلی کے اس کریک ڈائون سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور گھروں میں معمولات بھی متاثر ہوئے۔ کئی مقامات پر بجلی کی بندش پر لوگوں نے احتجاج بھی کیا اور وفاقی حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق ننکانہ صاحب اور گردونواح میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث عوام کو شددی مشکلات کا سامنا رہا۔ بجلی کی مسلسل 11 گھنٹے بندش کے باعث کاروبار زندگی مفلوج ہو گیا۔ گذشتہ رات 3 بجے سے دوپہر 2 بجے بجلی کی مسلسل بندش نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی۔
شہروں میں 6، دیہات میں 10گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری
Dec 18, 2013