حکومت کی کارکردگی صفر ہے، ہم جمہوریت کے خلاف سازش کرنے والے نہیں: عمران

Dec 18, 2013

لاہور (آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم جمہوریت کے خلاف سازشیں کرنے والوں میں سے نہیں حکمرانوں کی کارکردگی صفر ہے اور عوامی حقوق کے لئے آواز بلند کرنا بطور اپوزیشن ہماری ذمہ داری ہے جسے پورا کر رہے ہیں، 22 دسمبر کو لاہور میں مہنگائی، بیروزگاری اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف سونامی سڑکوں پر ہو گا، جمہوریت کے تحفظ اور ملک کو مضبوط بنانے کے لئے عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے ذمہ داروں کو ہر صورت بے نقاب کرنا ہو گا، مجھے سمجھ نہیں آتی دھاندلی کی تحقیقات کے مطالبے پر (ن) لیگ کیوں پریشان ہو جاتی ہے، ہم چاہتے ہیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو۔ ایک انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ ہم نے عام انتخابات کے بعد نتائج کو تسلیم کیا لیکن دھاندلی کو تسلیم نہیں کیا۔ ہم پہلے دن سے ہی مطالبہ کر رہے ہیں اگر ملک میں جمہوریت کو مضبوط بنانا ہے تو سب سے پہلے عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے تمام کرداروں کو منظر عام پر لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت کی اب تک کی کارکردگی صفر ہے اور عوام بھی حکمرانوں سے تنگ آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عام انتخابات کی طرح بلدیاتی انتخابات میں بھی دھاندلی کرنا چاہتی ہے لیکن ہم انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

مزیدخبریں