لاہور (نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور سمیت ملک کے کئی حصوں میں دھند کے باعث نظام زندگی شدید متاثر ہو کر رہ گیا۔ دھند سے حادثات کے باعث 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے۔ نوائے و قت رپورٹ کے مطابق لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند چھا گئی۔ حد نگاہ صفر ہو گئی۔ لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی۔ ترجمان موٹروے نے کہا ہے کہ جی ٹی روڈ پر سفر کرنے والے بھی احتیاط برتیں۔ موٹروے ایم ون پشاور سے برہان تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی۔ ٹریفک کا رخ جی ٹی روڈ کی طرف موڑ دیا گیا۔ مزید برآں کندیاں کے نامہ نگار کے مطابق نواحی علاقہ چک نمبر5-6 ڈی بی کا رہائشی محمد یوسف نسیم بی بی اور 13 سالہ بچے رحمان کے ہمراہ موٹر سائیکل پر چک نمبر13 ایم ایل ہرنولی کی طرف جارہا تھا کہ میانوالی مظفر گڑھ روڈ پر تیز رفتار ٹرالر نے ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں محمد یوسف اور اسکی اہلیہ نسیم بی بی موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ 13 سالہ بچہ رحمان شدید زخمی ہوگیا۔ دریں اثناء نارووال کے نامہ نگار کے مطابق نارووال مریدکے روڈ موضع اڈا سراج پر دھند کے باعث تیز رفتار بس نے گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن کی ویگن کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں ڈرائیور اور دو بچے زخمی ہوگئے۔ گذشتہ روز صبح گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹر کی ویگن بچوں کو نارووال لارہی تھی کہ مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار بس سے تصادم ہوگیا جس کے نتیجہ میں ڈرائیور جاوید اور دو طلبہ فریحہ عمر8 سال، شبیر حسین عمر14سال زخمی ہوگئے۔ ریسکیو1122 نے ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈی ایچ کیو نارووال منتقل کردیا۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قصور شہر اور نواح میںدھند چھائی رہی جس سے ٹریفک معطل رہی۔ دھند کی وجہ سے سفرکرنے والوںکو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سکول اور دفاترکی حاضری بھی کم رہی جبکہ ناشتہ بھی بازار سے کرنا پڑا جبکہ گاڑی مالکان نے دھندکی وجہ سے سفید لائٹس کا استعمال شروع کردیا جس کی وجہ سے دکانداروں نے لائٹس کی قیمتوں میں اضافہ کردیا دھند کی وجہ سے حادثات بھی رونما ہوئے جن میں زخمیوں کو طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ دریں اثناء ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نامہ نگار کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ شہر اور گردو نواح میں سارا دن دھند چھائی رہی، جبکہ سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی لنڈا بازار اور گرم ملبوسات کی دکانوں پر لوگوں کا رش بڑھ گیا، انڈوں، مچھلی اور فاسٹ فوڈ کی مانگ میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ علاوہ ازیں کمالیہ سے نامہ نگار کے مطابق گذشتہ تیسرے روز بھی کمالیہ اور گرد و نواح میں شدید دھند چھائی رہی جو دن کے اوقات میں بھی کافی دیر تک چھائی رہی، اس دوران ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی۔ گاڑیاں بہت کم نظر آئیں۔ دفاتر اور تعلیمی اداروں کو جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مزید برآں بچیانہ کے نامہ نگار کے مطابق دھند کے باعث کار اور ٹرالی م یں تصادم کے دوران ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ بچیانہ کے نواحی گاؤں 644 گ ب میں سڑک کنارے گنے سے بھری ہوئی ٹرالی کھڑی ت ھی جس سے کار ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجہ میں ظہیر جاں بحق اور غفور زخمی ہو گیا اور کار مکمل طور پر تباہ ہو گی۔
لاہور سمیت ملک کے کئی حصوں میں دھند، حادثات، 3 افراد جاں بحق، 5 زخمی
Dec 18, 2014