دبئی (اے پی پی) سابق عالمی چیمپئن آسٹریلوی ٹیم آئی سی سی کی تازہ ترین درجہ بندی میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، بھارت 0.2 پوائنٹس کے فرق سے دوسرے، جنوبی افریقہ تیسرے، سری لنکا چوتھے، انگلینڈ پانچویں اور پاکستان چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ بلے بازوں میں اے بی ڈی ویلیئرز بائولرز میں سعید اجمل اور آل رائونڈرز میں اینجیلو میتھیوز ٹاپ پوزیشنز پر برقرار ہیں۔ جو روٹ اور ساچھترا سینا نائیکے کیریئر بہترین رینکنگ حاصل کرتے ہوئے بالترتیب 14 اور 18 درجے ترقی پا کر 11 ویں اور ساتویں نمبرز پر پہنچ گئے۔ مصباح الحق 14 ویں، شہزاد 15 ویں اور محمد حفیظ 20 ویں نمبر پر ہیں۔ بدھ کو آئی سی سی نے تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی ہے، آسٹریلیا 117 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے، بھارت 0.2 پوائنٹس کے فرق سے دوسرے، جنوبی افریقہ 112 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، سری لنکا چوتھے، انگلینڈ پانچویں اور پاکستان چھٹے نمبر پر برقرار ہے۔ بلے بازوں میں ویلیئرز پہلے اور کوہلی دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ہاشم آملہ تیسرے، سنگاکارا چوتھے، دھاون تنزلی کا شکار ہو کر پانچویں، بیلی چھٹے، دلشان ساتویں اور کوک آٹھویں نمبر پر ہیں، دھونی تنزلی پا کر نویں نمبر پر آ گئے، روز ٹیلر دسویں نمبر پر ہیں۔ بائولرز میں سعید اجمل پہلے، نارائن دوسرے، سٹین تیسرے، جانسن چوتھے، شکیب الحسن پانچویں، اینڈرسن چھٹے، سینانائیکے ساتویں، بھنشور کمار آٹھویں اور حفیظ نویں نمبر پر ہیں۔ محمد عرفان 16 اور شاہد آفریدی 23 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ اینجیلو میتھیوز آل رائونڈرز میں ٹاپ پوزیشن پر قبضہ برقرار رکھے ہوئے ہیں، محمد حفیظ بھی 409 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ میتھیوز کے برابر ہو گئے۔
ون ڈے رینکنگ:آسٹریلیا بدستور پہلے نمبر پر براجمان،پاکستان کا چھٹا نمبر
Dec 18, 2014