سکھر (نوائے وقت نیوز) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ ڈاکٹر عاصم کی ویڈیو وزیر داخلہ کے پاس پہنچ گئی ، لیکن جہاز کا کپتان کہلانے والے وزیراعلیٰ سندھ کے پاس نہیں پہنچی، رینجرز کے اختیارات چھینے نہیں گئے، صرف اتنا کہا ہے کہ جہاز کے کپتان کو اعتماد میں لو۔ سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا وفاقی حکومت کا دباؤ سندھ پر ہی ہے، پاکستان کے دوسرے حصوں سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیوں نہیں پکڑا جاتا۔ انہوں نے کہا ڈاکٹر عاصم کا معاملہ عدالت میں ہے تو فیصلہ بھی عدالت ہی کرے گی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا ڈاکٹر عاصم کی ویڈیو وزیر داخلہ کے پاس ہے اور وزیر اعلیٰ سندھ کے پاس نہیں ، یہ ستم ظریفی ہے۔ خورشید شاہ نے درخواست کی کہ رینجرز کے اختیارات کے معاملے کو متنازعہ نہ بنایا جائے۔ خورشید شاہ نے سانحہ پشاور پر بات کرتے ہوئے کہا بچوں کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔
رینجرز کے اختیارات نہیں چھینے، اتنا کہا جہاز کے کپتان کو اعتماد میں لو:خورشید شاہ
Dec 18, 2015