اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات اور پلاننگ کمشن کے سربراہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگر 1965 کی جنگ مسلط نہ کی جاتی تو آج پاکستان دوسرا جاپان ہوتا۔ وفاقی وزیر نے پائیڈ کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ وژن 2025 ء سے پاکستان دنیا کے نقشے میں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوگا۔ سیاسی استحکام کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، پاکستان معیشت میں ناکام نہیں بلکہ سیاسی معیشت میں فیل ہوا۔ 67 سال کے بعد ملک کو ایسی حکومت ملی جس نے اپنی مدت پوری کی مارشل لا کے دور میں سماجی شعبہ تنزلی کا شکار ہوا، ہم گروتھ اور ڈویلپمنٹ کو اکٹھا کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سیکھنا ہو گا۔ ملک کو معاشی ترقی کے میدان میں لے جانے کے لئے طویل مدتی وژن کی ضرورت ہے، پانی،توانائی اور فوڈ سکیورٹی اس حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔