راولپنڈی ( نمائےندہ خصوصی) مسلم لیگ ن کے ممتاز راہنما سابق رُکن قومی اسمبلی ملک شکیل اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ پیپلز پارٹی کی ”دکھتی رگ “ بن چکے ہیں۔ کرپشن ، لُوٹ مار اور قومی خزانہ ہڑپ کر جانے والے پیپلز پارٹی کے راہنماﺅں کو چوہدری نثار کا نام آتے ہی انکے جسموں میں ایک ” کرنٹ “ سا دوڑ تا ہے اور وہ خوف کے مارے ” بچاﺅ بچاﺅ کے بجائے نثار ہٹاﺅ نثار ہٹاﺅ “ کی بے ساختہ چیخ وپکارشروع کر دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتیں بجائے دہشت گردوں کا مقابلہ کر نے اور عوام کے جان ومال کا تحفظ کرنے کے آئے روز ” موبائیل سروس بند اور موٹر سائیکل ڈبل سواری بند“ کر کے اپنا وقت گزارتے رہے ۔ صرف ساڑھے تین سال کے مختصر عرصہ میں چوہدری نثار اور انکی وزارت داخلہ کی بہترین حکمت علی ، فہم فراصت اور جرات مندانہ فیصلوں نے خیبر سے کراچی تک نہ صرف امن بحال کروایا بلکہ ملک میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنا کر دکھا یا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کا بچہ بچہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ کی ملک میں امن کی بحالی اور قانون کی حکمرانی قائم کرنے کے ٹھوس اقدامات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ دوسری جانب خیبر کے پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کو مسائل کی دلدل میں پھنسا کر خود دھرنا دھرنا اور جلسہ جلسہ کھیلنے کا پروگرام شروع کر رکھا ہے پاکستان اور صوبہ خیبر پختونخواکے عوام اِن سے بے زار ہیں اور 2018ءکے عام انتخابات میں ان کا حساب برابر کرنے کے منتظر ہیں ۔
وزیر داخلہ نے قےام امن اور قانون کی حکمرانی قائم کرنے کےلئے ٹھوس اقدامات کئے
Dec 18, 2016