موٹروے پولیس کے زیرِاہتمام کرلوٹ کالج چھتر میں روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے آئی جی شوکت حیات کی ہدایات کی روشنی میں ڈی آئی جی نیشنل ہائی ویز  اینڈ موٹروے آئی ایم ڈی سی (N-75) عباس احسن نے کرلوٹ کالج چھتر اسلام آباد میں روڈ سیفٹی سیمینار کا اہتمام کیا۔سیمینار سے ایس پی نعیم اشرف، پروفیسر مقصود تبسم اور لیکچرر ملک علی نے طالب علموں اور اساتذہ کو محفوظ ڈرائیونگ سے متعلق لیکچر دیئے۔ مقررین نے خراب موسمی صورتحال بالخصوص مری موٹروے پر سفر کے دوران احتیاطی و حفاظتی تدابیر اختیار کرکے حادثات کی روک تھام اور قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکنے سے متعلق بھی بریف کیا۔تقریب کے اختتام پر پرنسپل کرلوٹ کالج نے موٹروے پولیس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے سیمینار کا دائرہ کار بڑھائے جانے سے ملک میں ہونے والے حادثات میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر موٹروے پولیس کے افسران نے شرکاءمیں تحائف اور مقررین میں شیلڈز تقسیم کیں۔سیمینار میں کرلوٹ کالج کے اساتذہ اور طالب علموں کے علاوہ معززینِ علاقہ نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن