پاکستان کیساتھ دوستی نسل در نسل چلے گی: چینی صدر‘ سی پیک کے مغربی روٹ پر ایک انچ تبدیلی نہیں ہو گی: ممنون حسین

کراچی (آئی این پی ) چین کے صدر شی چن پنگ نے کہا ہے پاکستان اور چین کی دوستی نسل در نسل چلے گی ،دونوں ممالک کی دوستی خطے کے امن و استحکام کے لیے اہم ہے، آیئے ہاتھوں میں ہاتھ تھام کر پاک چین سدابہار دوستی اور تعاون کو اپنے عوام کے مفاد میں مزید مضبوط بنائیں۔ یہ بات انہوں نے کو چین کی جانب سے مزار قائد کیلئے تحفتاً دیئے گئے طلائی فانوس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو چینی سفیر سن ویڈونگ نے تقریب میں پڑھ کر سنایا ۔ اپنے پیغام میں چین کے صدر شی چن پنگ کہا پاکستان اور چین کی دوستی نسل در نسل چلے گی۔ دونوں ممالک کی دوستی خطے کے امن و استحکام کے لیے اہم ہے۔ میں پاک چین تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا پا کستان اور چین کی اسٹریٹجک دوستی دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد اور خطے کے امن و استحکام کے لیے دن بدن مضبوط اور نسل در نسل آگے بڑھ رہی ہے۔
کراچی (سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے سی پیک کے مغربی روٹ میں تبدیلی سے متعلق باتیں افواہیں ہیں، یقین دلاتا ہوں سی پیک کے طے شدہ روٹ میں ایک انچ بھی تبدیلی نہیں ہوگی، وسط ایشیا کی کئی ریاستوں نے منصوبے میں شامل ہونے کی درخواست کی ہے، اس سے منصوبے کی اہمیت ظاہر ہوتی ہے۔ سی پیک منصوبہ دنیا میں تعمیر وترقی کے عظیم انقلاب کا پیش خیمہ ہے، معاشی استحکام کے بغیر بنیادی سہولتوں کی فراہمی ممکن نہیں اور مخالفین ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے کے بجائے ملکی تعمیر میں کردار ادا کریں، دہشت گردی کے خلاف عوام اور افواج کی قربانیوں اور جرأت مندی پر فخر ہے، سمندر اور آبی گزر گاہیں پاکستان کی طاقت ہیں، سمندری تجارت کے فروغ کیلئے فنی استعداد پر بھرپور توجہ دی جائے، پاکستان میرین اکیڈمی کی 53 ویں پاسنگ آئوٹ پریڈ اور مزار قائد پر چینی فانوس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا دنیا میں وہی قومیں سر اٹھا سکتی ہیں اور اپنے قومی مقاصد پورے کرسکتی ہیں جو اپنے جغرافیے اور وسائل کو قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دانش مندی سے استعمال کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا پاک چین اقتصادی راہداری تعمیر و ترقی کے شعبہ میں ایک عظیم انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔ اس راہداری سے لینڈلاکڈ ممالک اور سنٹرل ایشیا کو بھی دنیا کے دیگر خطوں تک رسائی مل سکے گی۔ پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر اور قوتیں منفی طرز عمل ترک کر کے اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں‘ معاشی استحکام کیلئے ضروری ہے ہر قسم کے شکوک و شبہات اور منفی پروپیگنڈے کو ناکام بنا کر اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے ہم سب یکسو ہوجائیں۔ آن لائن‘ صباح نیوز کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے کہا معاشی استحکام کے بغیر بنیادی سہولتوں کی فراہمی ممکن نہیں۔ سی پیک اقتصادی انقلاب برپا کر دیگا، مخالفین رکاوٹ بننے کے بجائے ملک کی تعمیر میں کردارادا کریں، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں ، دہشت گردی کیخلاف عوام اورافواج کی قربانیوںپر فخر اوراپنی قوم کے بچوں پر پورا اعتماد ہے، پاکستان میں منفی طاقتیں دم توڑ رہی ہیں۔ صدر نے کہا کہ امن اور ترقی لازم و ملزوم ہیں اور پاکستان کے اقدامات سے پورے خطے میں امن کو تقویت ملی ہے لیکن جو لوگ امن کو تباہ کرکے پاکستان سمیت خطے کو برباد کرنا چاہتے ہیں۔ انکی کوششیں اور عزائم کبھی بھی پورے نہیں ہو سکیں گے۔ بعض قوتیں اقتصادی راہداری پر صوبوں کے درمیان اختلافات کو ہوا دے رہی ہیں لیکن قوم کو شکوک و شبہات دور کرکے بچوں کے مستقبل کیلئے متحد ہونا ہوگا۔ دشمن کے عزائم کامیاب نہیں ہونگے۔ قوم کو ان پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں اور مخالفین کو بھی اس پر سیاست نہیں کرنی چاہئے۔ پاکستان اور چین ہی نہیں بلکہ پورا خطہ مزار قائد پر چین کی جانب سے تحفہ میں دئیے گئے خوبصورت فانوس کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا پاکستان اور چین کی سٹرٹیجک دوستی دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد اور خطے کے امن و استحکام کیلئے دن بدن مضبوط اور نسل در نسل آگے بڑھ رہی ہے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے جمہوری آزادیوں، سماجی انصاف،معاشی ترقی اور استحکام پاکستان کیلئے جو فکر دی ہم اسکی روشنی میں اپنے قومی مقاصد کی تکمیل کیلئے سرگرمِ عمل ہیں۔ انہوں نے کہا آہنی برادر چین کی رفاقت ہمارا قیمتی اثاثہ ہے اور یہ تحفہ اس دوستی کی ایک خوبصورت علامت ہے۔ پاکستان اور چین کی باہمی دوستی ، ایک دوسرے کی خوشیوں میں شرکت اور بزرگوں کے احترام کی روایت ہے جس کے تحت عوامی جمہوریہ چین نے مزارِ قائداعظم کیلئے یہ تحفہ فراہم کیا ہے۔ اخلاص کی بنیاد پر باہم محبت کرنیوالی دو اقوام کے درمیان اس طرح کے تحائف ایک علامت کی حیثیت رکھتے ہیں جس سے دونوں اقوام کے درمیان محبت اور یگانگت میں اضافہ ہوتا ہے۔ یہ تحفہ بھی اسی روایت کا تسلسل ہے جو وزیراعظم چو این لائی نے قائم کی۔ صدر مملکت نے کہا بابائے قوم قائداعظم کے مزار کیلئے پاکستان کے عظیم دوست اور مدبر چو این لائی نے 1970ء میں فانوس کا تحفہ ارسال کیا تھا جو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور پاکستانی عوام کے ساتھ عوامی جمہوریہ چین کے قائدین اور عوام کی محبت کا عکاس ہے۔ نئے فانوس کا طول 26 میٹر اور وزن 1.2 ٹن ہے۔ یہ 22 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے اور اس میں 8 کلو سونا استعمال ہوا ہے۔

ای پیپر دی نیشن