سقوط ڈھاکہ،ماڈل ٹائون اور آرمی پبلک اسکول جیسے سانحات تاریخ کا سیاہ باب ہیں، مشتاق صدیقی

کراچی (اسٹاف رپو رٹر) پاکستان عوامی تحریک کراچی سندھ کے صدر مشتاق صدیقی نے کہا ہے کہ سقوط ڈھاکہ،ماڈل ٹائون اور آرمی پبلک اسکول جیسے سانحات تاریخ کا سیاہ باب ہیں۔سقوط ڈھاکہ کے اصل کرداروں کو بے نقاب ہونا چاہیے سزا نہ ملنے کی وجہ سے سانحات جنم لیتے ہیں ۔انھوں نے کہا اس وقت سیاست نہیں ریاست بچانے کا وقت ہے ن لیگ ملکی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔مفاد پرستی کی سیاست نے سقوط ڈھاکہ جیسے سانحے کو جنم دیا۔وہ پاکستان عوامی تحریک کراچی کے زیر اہتمام گلشن اقبال میں سقوط ڈھاکہ ،سانحہ ماڈل ٹائون اور سانحہ آرمی پبلک اسکول کی یاد میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری پاکستان عوامی تحریک رائو کامران محمود نے کہا ملک میں تعلیم کی کمی اور بے روزگاری اور نا انصافی کی وجہ سے دہشت گردی کا ناسور جنم لے رہا ہے ۔سانحہ آرمی پبلک اسکول کی وجہ سے آج بھی ہر آنکھ نم ہے جسے کبھی بھلایا نہیں جا سکتا معصوم پھولوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے وطن کی سلامتی کیلئے غافل قوم کو ایک کیا ۔رائو کامران محمود نے کہا نیشنل ایکشن پلان کا کام جو کیا وہ فوج نے کیا حکمرانوں نے اپنے ذمے کا ایک کام بھی نہیں کیا بلکہ مزاکرات کے نام پر دہشت گردوں کو فرار کا محفوظ راستہ بھی دیا ۔ن لیگ نیشنل ایکشن پلان کے راستے میں روڑے نہ اٹکاتی تو سانحہ پشاور پیش نہ آیا آج کئی مائوں کی گودیں نہ اجڑی ہوتی۔

ای پیپر دی نیشن