کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) شہید اکبر ناگوری ڈی ایف اے ساوتھ سپر لیگ فٹبال چمپیئن شپ کے ا گروپ D کے اہم ترین میچ میں بغداد اسپورٹس نے حیدری بلوچ کو 2-0 سے ہرا کر 4 پوائنٹس حاصل کئے ینگ تغلق کے بھی چار پوائنٹس تھے لیکن گول ایوریج پر سبقت لے کر بغداد اسپورٹس نے کوارٹر فائنل کے لیئے کوالیفائی کرلیا۔ حیدری بلوچ کی ٹیم پہلے ہی چھ پوائنٹس لے کر گروپ چمپیئن ہونے کے ساتھ کوارٹر فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا پہلے ہاف میں کوشش کے باوجود کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی 75 ویں منٹ میں بغداد اسپورٹس کے کپتان زبیر نے گول کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلائی۔ میچ کے آخری لمحات کے اضافی وقت میں حیدری بلوچ کے دفاعی کھلاڑی کے ہینڈ بال پر دوسرا گول بھی بغداد اسپورٹس کے کپتان زبیر نے پینلٹی کک کے ذریعے بنایا۔ گروپ بی کے سلسلے میں ساجدی بلوچ اور لیاری محمڈن کے درمیان کھیلا گیا میچ ساجدی بلوچ نے 2-1 سے جیت کر گروپ چمپیئن ہونے کے ساتھ کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔ منگل کو وہ موسی لاشاری میموریل سے کوارٹرفائنل میچ کھیلے گی ۔ساجدی بلوچ کی طرف سے پہلا گول 25 ویں منٹ میں سہراب دوسرا گول 40 ویں منٹ میں یاسر جب کہ لیاری محمڈن کا واحد گول 38 ویں منٹ میں زوہیب نے کیا لیاری محمڈن کی ٹیم بھی پہلے ہی کوارٹر فائنل کے لیئے کوالیفائی کر چکی ہے ۔