اسلام آباد (آئی این پی) پیپلز پارٹی کے ترجمان چوہدری منظور نے کہا ہے بابے نے ہر آمر کے حق میں ڈنڈی ماری اور مارشل لائوں کو غیرآئینی تحفظ فراہم کیا، بابے نے آمر مشرف کو آئین کے ساتھ کھلواڑ کرنے کا وہ اختیار بھی دیا جو اس نے مانگا ہی نہیں تھا، مولوی تمیزالدین کیس سے لے کر بابے نے ہر طاقتور اور آمرکے حق میں فیصلے کئے، بابے کے پانچ بیٹوں نے کہا حدیبیہ ریفرنس کھولا جائے تین نے کہا مقدمہ نہیں کھولنا، عمران خان نے خود کئی بار ٹی وی انٹرویوز میں خود آف شور کمپنی بنانے کا اعتراف کیا، بابے نے کہا عمران خان کا نیازی سروسز نامی آف شور کمپنی سے کوئی تعلق نہیں، لوگ چیف جسٹس کی بات درست مان کر کیسے یقین کریں سپریم کورٹ کا بابا سب کے ساتھ انصاف کرتا ہے۔ چیف جسٹس کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکر ٹری اطلاعات چوہدری منظور نے کہا اس بابے نے نصرت بھٹو کیس میں ڈنڈی ماری، ضیاء الحق کے مارشل لا کو جائز قرار دیا، اس بابے نے ذوالفقار علی بھٹو کیس میں ڈنڈی ماری اور پہلے منتخب وزیراعظم کا عدالتی قتل کیا، بابے نے بعد میں خود تسلیم کیا دبائو میں آکر بھٹو کو پھانسی چڑھانے کا فیصلہ دیا۔ اس بابے نے اسمبلیاں ٹوٹنے پر بھی بینظیر بھٹو اور نواز شریف میں امتیاز برتا اور ڈنڈی ماری، بابا آمروں کے دبائو میں تو تھا ہی اس نے تو نواز شریف کے کہنے پر بینظیر بھٹو کو سزا سنائی۔ بابے نے ظفر علی شاہ کیس میں ڈنڈی ماری مشرف کے مارشل لا کو تحفظ دیا۔ بابے نے نواز شریف کی اپیل مدت کی پابندی نظرانداز کر کے 9 سال بعد سنی اور منظور کی‘ اب مدت کی پابندی کی بنیاد پر اسی بابے نے حدیبیہ ریفرنس کھولنے سے انکار کر کے شریف خاندان کے حق میں ڈنڈی ماری۔ اب بابا خود ہی بتائے لوگ ان تمام فیصلوں کو کیا سمجھیں۔