لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اندھیروں سے روشنیوں کی جانب سفر کامیابی سے طے کیا ہے اور محنت سے نئی تاریخ رقم کرکے ملک میں دو دہائیوں سے چھائے اندھیرے دور کئے ہیں۔ قوم بجلی بحران کے خاتمے کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے تاریخی کارنامے کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور توانائی منصوبوں کی برق رفتاری اور شفافیت سے تکمیل کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی کاوشوں کو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائیگا۔ لندن میں مسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک بھر میں توانائی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا ہے اور ان منصوبوں کی تکمیل سے ملک سے اندھیرے چھٹ گئے ہیں۔ ہماری حکومت نے خود اپنے وسائل سے بھی بجلی کے کئی کارخانے لگائے جبکہ چین نے بھی اس حوالے سے پاکستان کا عظیم دوست کی حیثیت سے بھرپور ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا عظیم الشان منصوبہ ہے جو گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف پاکستان کی تقدیر بدلے گی بلکہ پورا خطہ مستفید ہو گا۔ سی پیک کے تحت پورے پاکستان میں تیز رفتاری سے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں ۔ سی پیک نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھول دیئے ہیں اور پاکستان میں اربوں روپے کی چینی سرمایہ کاری سے پاکستان کے عوام کیلئے روزگار کے لاتعداد مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت پاکستان بھر میں توانائی منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ 36ارب ڈالر کی سرمایہ کاری توانائی کے منصوبوں میںکی جارہی ہے۔ چین کی بے مثال سرمایہ کاری کے تحت پاکستان بھر میں کوئلے، شمسی، ہائیڈل اور دیگر ذرائع سے بجلی حصول کے منصوبے لگ رہے ہیںاور بجلی کے کارخانے مکمل ہونے سے پاکستان کی پیاسی دھرتی کو توانائی مل رہی ہے۔ توانائی بحران کے خاتمے سے ملک کا قریہ قریہ روشن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) نے جب اقتدار سنبھالا توانائی کا مسئلہ بہت گھمبیر صورت اختیار کرچکا تھا۔ غربت، افلاس ،بے روزگاری اور بجلی کے اندھیرے سابق حکمرانوں کی کرپشن کے تحفے ہیں۔ سابق کرپٹ حکمرانوں نے قومی وسائل کی لوٹ مار کر کے اپنی جیبیں تو بھریں لیکن بجلی بحران کے خاتمے پر کوئی توجہ نہ دی۔ سابق حکمران وسائل کی لوٹ مار کی بجائے بجلی بحران کے خاتمے پر توجہ دیتے تو شاید ملک اندھیروں میں نہ ڈوبتا۔ ایک طرف وسائل کی لوٹ مار کرنے والے سابق حکمران ہیں تو دوسری طرف منفی طرز سیاست سے قوم کی مشکلات بڑھانے والے عناصر ہیں۔ ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے اورترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے والوںکو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ پاکستان کے باشعور عوام2018 کے انتخابات میںبھی خدمت، دیانت، امانت اور شفافیت کی سیاست کو کامیاب کرائیں گے اور الزامات، جھوٹ اور انتشار کی سیاست کرنے والے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف آج بروز پیر لندن سے وطن واپسی کے لیے روانہ ہوں گے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کا گذشتہ روز لندن میں طبی معائنہ ہوا۔ طبی معائنہ کے بعد ڈاکٹروں نے وزیراعلیٰ شہباز شریف کو مکمل طور پر تندرست قرار دیا۔ شہباز شریف نے صوبائی وزیر میاں یاور زمان کے والد و سابق وفاقی وزیر میاں محمد زمان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا میاں محمد زمان کے انتقال سے مسلم لیگ ن مخلص اور دیرینہ ساتھی سے محروم ہو گئی ہے۔ مزید برآں شہبازشریف نے لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے وزیراعلی آفس میں اجلاس سے خطاب کیا- اجلاس میں پینے کے صاف پانی پروگرام کے امور پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پینے کا صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور پنجاب حکومت نے یہ حق شہریوں کو لوٹانے کیلئے ایک بڑا پروگرام بنایا ہے۔ انہوں نے کہا ماضی میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام میں تاخیر ہوئی ، چند عناصر کی وجہ سے اس پروگرام کو دھچکہ پہنچا تاہم اب تیزی سے کام کرتے ہوئے اس تاخیر کا ازالہ کیا جا رہا ہے۔