لاہور (خصوصی نامہ بنگار) جمعیت علما پاکستان (نیازی )کے وفد نے قائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی کی سربراہی میں قومی اسمبلی میں قائد حز ب اختلاف سید خورشید شاہ سے ملاقات کی اور ان سے ملکی سیاسی صور ت حال پر تبادلہ خیال کیا ۔وفد میں پیر مصطفی اشرف رضوی، پیر اختر رسول قادری، ڈاکٹر امجد حسین چشتی،عقیل حیدر شاہ اور دیگرشامل تھے۔ دونوں پارٹیوں میں اتفاق پایا گیا کہ آئندہ انتخابات میں جمہوری سوچ رکھنے والی ہم خیال سیاسی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم سے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ تاکہ عوام کو انتہا پسندی، دہشت گردی اور ملائیت کی سیاست سے نجات دلائی جاسکے۔پیر معصوم نقوی نے واضح کیا کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے اورمسلم لیگ ن کی عوام دشمن پالیسیوں سے نجات کے لئے طالبان مخالف جماعتوں کا اتحادناگزیرہے ۔ اس کے لئے جمعیت علما پاکستان ترقی پسند اور وطن دوست قوتوں کے ساتھ اتحاد کا جائزہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت پسند طبقہ معترف ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کی اور جمہوری اقدار کی حفاظت میں شخصی اور غیر آئینی آمریتوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔