پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ2018ء کے انتخابات کے لیے تحریک انصاف پوری طرح تیار ہے۔ ہم نے ساڑھے چار سال اس نظا م کوتبدیل کرنے کے لیے محنت کی۔ جس سے لوگ متاثر ہوکر تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں۔ خیبرپی کے عوام خصوصاً پٹھان عمران خان کے شیدائی ہیں۔ مستقبل تحریک انصاف اور عمران خان کا ہے۔ اے این پی کی تاریخ دیکھ لیں جتنی بار آئی ایک تباہی ساتھ لے کر آئی کیونکہ وہ کبھی اس صوبے اور عوام سے مخلص تھے ہی نہیں ، اُنہیں اپنی سیاست سے غرض تھی اور ہے۔ اب عوام پختون روٹی کپڑامکان اسلام اور قائداعظم کے نعروں پر دھوکہ نہیں کھائیںگے۔ پاکستان کو ایک ایماندار قیادت کی ضرور ت ہے جو عمران خان کی صورت میںموجود ہے عمران خان اس ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔ جمعیت علمائے اسلام کے سابق ضلعی امیر مفتی محمد سجاد کی تحریک انصاف میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا اعتماد تحریک انصاف کی طاقت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈاک اسماعیل خیل میں ایک بڑے شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، ایم پی اے خلیق الرحمن تحصیل ناظم پبی میاں مرتضیٰ الرحمن اور مفتی محمد سجاد نے بھی جلسے سے خطاب کیا جبکہ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر انجینئر اسحق خٹک، فضل محمود خٹک،ضلعی نائب ناظم اشفاق احمد خان، ضلعی کونسلر اسرار نبی بھی موجود تھے۔اس موقع پر مفتی محمد سجاد ، مسلم لیگ ن سے فضل محمد خٹک، رنگ منیر خٹک اے این پی سے ملک اختر علی، ملک گل فقار خان اور ذوالفقار نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اے این پی جتنی بار آئی‘ تباہی لائی‘ مستقبل عمران کا ہے: پرویزخٹک
Dec 18, 2017