استنبول (اے این این) ترکی میں قائم عالمی علما کانفرنس نے صہیونی ریاست کے ساتھ سیاسی تعلقات استوار کرنے کے خلاف ایک نئے عالمی میثاق کی تیاری شروع کی ہے۔ سات زبانوں میں تیار کئے جانیوالے میثاق میں شامل عالمی گروپوں، تنظیموں، شخصیات اور ممالک سے یہ عہد لیا جائے گا کہ وہ صہیونی ریاست کے ساتھ کسی قسم کے سیاسی تعلقات استوار نہیں کریں گے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق 18 دسمبر بہ روز سوموار استنبول میں میثاق علما امت کینام سے اس نئے معاہدے کو لانچ کیا جائے گا۔ اس میثاق کا مقصد صہیونی ریاست کے دنیا بھر میں بڑھتے سفارتی تعلقات کے آگے روک لگانا ہے۔ علما امت کمیٹی کے کے ترجمان ڈاکٹر وصفی عاشور ابو زید نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ عالمی میثاق علما امت کے اجرا کا مقصد صہیونی ریاست کے خلاف ایک نیا سیاسی اور دینی محاذ تشکیل دینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میثاق امت کے ذریعے دنیا بھر کے مذہبی طبقات تک اپنا پیغام پہنچائیں گے۔ صہیونی ریاست کے خلاف ہرطرح کے وسائل کو استعمال کرتے ہوئے قضیہ فلسطین کے منصفانہ اور عادلانہ حل کی مساعی جاری رکھیں گے۔ ڈاکٹر عاشور کا کہنا تھا کہ ہمیں آنے والی مسلمان نسلوں تک پیغام پہنچانا ہے، القدس کو طاقت کے ذریعے یہودیانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھاکہ میثاق علما امت کا باقاعدہ آغاز استنبول میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا جائے گا۔
.اسرائیل سے تعلقات کوحرام قرار دینے کے ترکی میں نئے عالمی میثاق کی تیاری
Dec 18, 2017