اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سردار محمد خان لغاری نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل کی بحالی قوم کے لئے بڑی خوش خبری ہے۔دینی قیادت کے اشتراک اور اتحاد سے مذہبی جماعتوں کا ووٹ بینک تقسیم نہیں ہوگا۔ ایم ایم اے کی تمام بنیادی جماعتیں شامل ہیں۔جو اسلامی مکاتب فکر کی نمائندگی کرتی ہیں۔ان جماعتوں کو چھوڑ کر جانے والے یا نکالے گئے چھوٹے گروپوں کی شمولیت کا فیصلہ ایم ایم اے کی سپریم کونسل کرے گی۔ جس میں پانچوں جماعتوں کے سربراہان موجود ہیں۔چند منفی سوچ کے حامل سیاسی یتیم متحدہ مجلس عمل کے بارے میں بے بنیاد بیان بازی سے اپنا قد کاٹھ بڑھانا چاہتے ہیں۔ ایسی روش ان کے مفاد کی بجائے نقصان میں جائے گی ۔چونکہ وہ گھر کے رہیں گے نہ گھاٹ کے۔کراچی سے واپسی پر مختلف وفود سے ملاقاتوں میں ان کا کہنا تھا بغض اور عہدہ پرستی کی بیماری نے مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو تقسیم کیا ہے۔ ورنہ سیکولر جماعتوں کو من مانیاںکرنے کا موقع نہ ملتا اورنظام مصطفی اب تک نافذ ہوچکا ہوتا۔
متحدہ مجلس عمل کی بحالی قوم کیلئے بڑی خوش خبری ہے، سردار خان لغاری
Dec 18, 2017