مظفر آباد (نمائندہ خصوصی) آزادجموں وکشمیر کے صدر سردار محمدمسعود خان اوروزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہاہے کہ رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے دست راست ،الحاق پاکستان کی داعی اور کشمیری مسلمانوں کے حقوق کے پاسبان تھے ۔رئیس الاحرار کی برسی کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہاکہ چوہدری غلام عباس کی برسی عقیدت و احترام سے منانے کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ ان کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رہے گی ۔صدر سردار مسعود خان نے کہاکہ قائد ملت نے اپنی فہم و فراست اور بے لوث قیادت سے ڈوگرہ غلامی کی زنجیروں میں جکڑی ہوئی مسلمان قوم کو آزادی کا شعوردیا ۔انہوںنے کہاکہ مسلمانان کشمیر کے لیے الگ سیاسی جماعت تشکیل دیکر ان کے حقوق کی پاسداری کا عزم چوہدری غلام عباس کا وہ کارنامہ ہے جو کبھی ذہنوں سے محو نہیں کیا جا سکتا ۔انہو ں نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ ان کی محبت بے مثال تھی یہی وجہ ہے کہ جب انہوں نے پاکستان کی سرزمین پر ہی دفن ہونے کی وصیت کی تھی ۔انہوں نے کہاکہ آج رئیس الاحرار کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے اور وہ ہے پاکستان کے ساتھ غیر مشروط الحاق یہی وہ منزل ہے جس پر چل کر کشمیریوں نے اپنے مستقبل کی بنیاد رکھنی ہے ۔ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہاکہ رئیس الاحرار پوری کشمیری قوم کے لیڈر ہیں ،وہ مسلم لیگ کے اولین سپاہی تھے اور انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے ساتھ ملاقات میں کشمیر میں مسلم لیگ کی طرز پر جماعت کی بنیاد ڈالی جو اس وقت مسلمانان کشمیر کی واحد سیاسی جماعت تھی ۔انہوں نے کہاکہ وہ صاحب کردار، باعمل اوربااصول سیاستدان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک درویش صفت شخصیت اور ملک و ملت کیلئے انتہا درجہ کی دردمندی رکھنے والے عظیم انسان تھے ۔انہوں نے کہاکہ آزادی کشمیر کی جدوجہد میں کشمیری قائد چوہدری غلام عباس کی خدمات بھی ہمارے ذہنوں میں جگمگاتی رہیں گی ۔انہوں نے مرحوم کشمیری لیڈر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلم لیگ کی حکومت چوہدری غلام عباس کے نقش قدم پر چلتے ہوئے الحاق پاکستان کی منزل حاصل کرنے کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی ۔انہوں نے کہاکہ یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ بانی پاکستان نے خود دروازے پر آ کر رئیس الاحرار کا استقبال کیا اور وہ ان کی بڑی قدر کرتے تھے ۔انہو ں نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح کے ساتھ بھی ان کی عقیدت مسلم لیگ کے ساتھ چوہدری غلام عباس کی شخصیت کو ممتاز کرتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اسوقت جب تحریک آزادی کشمیر نازک موڑ پر ہے ہمارا فرض ہے کہ ہم ان کشمیری قائدین کے نظریات کے مطابق نوجوانوں کی رہنمائی کریں ۔انہوں نے مسلمانان کشمیر کی درست سمت میں رہنمائی کی اور انہیں ایسا پلیٹ فارم دیا جس سے انہوں نے ناقابل فراموش جدوجہد کی ۔دریں اثنا ء رئیس الاحرار قائد ملت بانی آل جموںوکشمیر مسلم کانفرنس چوہدری غلام عباس مرحوم کی 50ویں برسی پرآج آزادکشمیر میں سرکاری تعطیل ہوگی ۔رئیس الاحرار کی برسی کی مرکزی تقریب ان کے مزار فیض آباد راولپنڈی میں منعقد کی جارہی ہے۔جس کا اہتمام آل جموںوکشمیر مسلم کانفرنس نے کررکھا ہے جس سے صدر مسلم کانفرنس اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان خطاب کریں گے۔ جبکہ سرکاری سطح پر سب سے بڑی تقریب کشمیرہائوس اسلام آبادمیں منعقدہوگی جس میںوزیراعظم آزادکشمیر ،اراکین کابینہ کے علاوہ چیئرمین مسلم لیگ ن پاکستان راجہ ظفرالحق اور وفاقی وزراء شریک ہونگے۔دریں اثناء آزادکشمیر حکومت کی جانب سے عظیم کشمیری قائد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے صدر اور وزیراعظم کے الگ الگ خصوصی پیغامات سرکاری طورپر محکمہ اطلاعات کے جاری کیے ہیں جو آزادکشمیر ریڈیو مظفرآباد،میرپور اور تراڑکھل کے اسٹیشنز سے نشر ہورہے ہیں اس کے علاوہ کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام مظفرآباد میں بڑی تقریب منعقد ہوگی جس میں وزراء اور جملہ سیاسی سماجی،دینی،جہادی تنظیموں اور کل جماعتی حریت کانفرنس سمیت مہاجرین جموں وکشمیر کے نمائندہ شخصیات خطاب کریں گے۔اس کے علاوہ جملہ دس اضلاع میں تقریبات کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں ۔یاد رہے کہ چوہدری غلام عباس کو آزادکشمیر میں بانی ریاست کے طورپر ماناجاتا ہے جن کی قیادت میں 24اکتوبر 1947ء کو آزادکشمیر معرض وجود میں آیا تھا۔
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) رئیس الاحرار قائد ملت چوہدری غلام عباس مرحوم کی 50 ویں برسی آج پیر 18 دسمبر کو آزاد کشمیر اور پاکستان میں عقیدت و احترام کیساتھ منائی جائے گی۔ اس موقع پر مزار قائد واقع فیض آباد پر آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان، وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان اور مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان حاضری دیں گے، فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی کی جائے گی۔ جبکہ مسلم کانفرنس کے زیراہتمام فیض آباد اور پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے زیراہتمام کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں برسی کی تقاریب منعقد ہوں گی۔ فیض آباد کی تقریب کی صدارت آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور صدر جماعت سردار عتیق احمد خان کریں گے جبکہ کشمیر ہاؤس کی تقریب 11 بجے ہوگی۔ جس کی صدارت وزیراعظم آزاد کشمیر اور پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر کے صدر راجہ فاروق حیدر خان کریں گے۔ وزراء اور ارکان اسمبلی و کشمیر کونسل خطاب کریں گے۔ مسلم کانفرنس کی تقریب میں آزاد کشمیر کے صدر ، وزیراعظم اور سپیکر قانون ساز اسمبلی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور حریت کانفرنس کی قیادت کو مدعو کیا گیا ہے۔ مدعوئین میں مخدوم شاہ محمود حسین قریشی، شیخ رشید احمد اور محمد اعجاز الحق بھی شامل ہیں۔ مسلم کانفرنس کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سردار عبدالواحد بن عارف ایڈووکیٹ کی طرف سے جاری کردہ پروگرام کے مطابق مزار قائد پر قرآن خوانی آج صبح آٹھ بجے تا نو بجے ، صدر ریاست کی آمد 9 بجے اجتماعی دعا سوا 9 بجے ، تبدیلی گارڈ و سلامی ساڑھے 9 بجے، آمد وزیراعظم آزاد کشمیر 10 بجے خطاب قومی قائدین 10 بجے تا ایک بجے اور اختتامی دعا سوا ایک بجے ہوگی۔