اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) کوئٹہ چرچ حملہ بزدلانہ کارروائی ہے۔ اقلیتوں کو نشانہ بنا کر فرقہ واریت کو ہوا دی جا رہی ہے۔ پاکستان دشمنوں کے مذموم عزائم اور انسانیت سوز کارروائیاں اقلیتوں کو بدظن نہیں کر سکتیں۔ ان حملوں میں جو بھی کردار ہے اسے بے نقاب کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان منیارٹی فورم کے چیئرمین چودھری اشرف فرزند نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میںمسیحی برادری حکومت اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ قیمتی جانوں کے ضیاع پر سخت افسوس ہے۔ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کی تمام مذاہب مذمت کرتے ہیں۔ اشرف فرزند نے کہا کہ دہشتگرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے۔