اسلام آباد( وقائع نگار)سی ڈی اے کے کیپیٹل ہسپتال میں نئے بلاک کی تعمیر کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ کیپٹل ہسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بھرتی کا عمل آخری مراحل میں ہے جس سے کیپٹل ہسپتال سے ادارے کے ملازمین اور افسران کو جدید طبی سہولیات زیادہ بہتر انداز میں مہیا ہو سکیں گی۔ ان خیالات کا اظہار اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے سی ڈی اے ہیڈ کوراٹرز میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کیپٹل ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اجلا س میں کیپٹل ہسپتال کی گذشتہ ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ سی ڈی اے کا کیپٹل ہسپتال نہ صرف ادارے کے ملازمین بلکہ شہریوں کے علاوہ دیگر اداروں کے ملازمین کو بھی طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے تاہم ملازمین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر کیپٹل ہسپتال میں نئے بلاک کی تعمیر ،جدید مشینری اور طبی آلات کے ساتھ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف میں مطلوبہ اضافے سمیت ہسپتال کی اپ گریڈیشن نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید مشینری موجود ہونے کے باوجود عملے کی کمی کے باعث یہ مشینری استعمال میں نہیں تاہم انہوں نے کہا کہ اب ڈاکٹروں اور دیگر پیرا میڈیکل سٹاف کی بھرتی کا عمل آخری مراحل میں ہے اور عملے کی بھرتی مکمل ہونے کے بعد طبی سہولیات زیادہ اچھے انداز میں مہیا ہو سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں مزید توسیع کرنے کے لیے ابتدائی منصوبہ بندی مکمل ہو چکی ہے اور بہت جلد کیپٹل ہسپتال کے توسیعی منصوبے پر بھی کام شروع کرد یا جائے گا۔۔
کیپیٹل ہسپتال میں نئے بلاک کی تعمیر کی منظوری دی جا چکی، انصر عزیز
Dec 18, 2017