صوبوں میں فیڈرل چارٹرڈ پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے قیام کیلئے اقدامات کا آغاز

اسلام آباد(چوہدری شاہد اجمل) ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے صوبوں میں فیڈرل چارٹرڈ پبلک سیکٹر کی یونیورسٹیوں کے قیام کیلئے عملی اقدامات شروع کر دیئے ہیں ،پہلے مرحلے میںصوبہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں فیڈرل چارٹرڈ پبلک سیکٹریونیورسٹی قائم کی جائے گی ، قانون سازی کا عمل جاری ،بل جلد پارلیمنٹ کو بھجوا دیا جائیگا ۔ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ابتدائی طور پرسندھ کے ضلع حیدر آباد میںپہلی پبلک سیکٹر یونیورسٹی کے قیام کیلئے قانون سازی کا عمل جاری ہے،یونیورسٹی کے قیام کیلئے 1ارب 19کروڑ روپے کا پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی )تیار کر لیاگیا ،قانون سازی کیلئے بل جلد پارلیمنٹ کو بھجوا دیا جائیگا دوسرے مرحلے میں بہاولپور میں فیڈرل چارٹرڈ یونیورسٹی کے قیام کیلئے منصوبہ بندی کاکام جا ری ہے ، ذرائع کے مطابق حیدر آباد میں یونیورسٹی کے قیام کا فیصلہ اس لئے کیا گیا ہے کہ وہاں پر صوبائی چارٹرڈ کی ایک بھی پبلک سیکٹر یونیورسٹی نہیں ہے ، حیدر آباد میں فیڈرل چارٹرڈ پبلک سیکٹر یونیورسٹی کے قیام کیلئے سول  ایوی ایشن کے اراضی فراہم کی ہے جس کا 1ارب 19کروڑ روپے کا پی ایس ڈی پی تیار کیا گیا ہے ،منصوبہ پر غور و غوض کیلئے وفاقی کابینہ کو بھجوایا جائیگا۔ذرائع کے مطابق یونیورسٹی کا نام یونیورسٹی آف حیدر آباد ہوگا اور یونیورسٹی کے قیام کے بعد ایوی ایشن ، برنس ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں کی تعلیم دی جائیگی، ذرائع کے مطابق اسی منصوبے کے تحت بہاولپور میں بھی یونیورسٹی آف انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کے قیام کا منصوبہ پر کام جاری ہے ۔

ای پیپر دی نیشن