لاہور(سپورٹس رپورٹر) بھارت نے ایشین نیٹ بال چیمپین شپ کے فائنل میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک گول سے شکست دے کر چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ملائیشیا میں جاری ٹورنامنٹ میں پاکستان نے ہفتے کو کھیلے گئے ایونٹ کے سیمی فائنل میں سنگاپور کی مضبوط ٹیم کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی جبکہ روایتی حریف بھارت نے میزبان ملائیشیا کو مات دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔اتوار کو ایونٹ کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو بھارت سے ایک گول سے شکست کا سامنا پڑا اور پاکستان نیٹ بال ٹیم کو چاندی کے تمغے رپ ہی اکتفا کرنا پڑا۔پاکستان نے مجموعی طور پر میچ میں شاندار کھیل پیش کیا اور کھیل کے تین کوارٹرز میں برتری حاصل کیے رکھی لیکن آخری کوارٹر میں روایتی حریف کے عمدہ کھیل نے پاکستان نے جیتی بازی چھین لی۔پاکستان ٹیم کا پہلے کوارٹر میں سکور13-11 (دو گول کی برتری)، دوسرے کوارٹر میں 25-23(دو گول سے برتری)، تیسرے کوارٹر میں 40-36 (چار گول سے برتری) تھی۔تاہم آخری کوارٹر میں بھارت نے 15 گوال اسکور کر کے فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ میچ میں 51-50 سے کامیابی اپنے نام کرتے ہوئے چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔یاد رہے کہ پاکستان نے ایونٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے لگاتار پانچ میچ جیت کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔تیسری پوزیشن کا میچ سنگاپور اور ملائیشیا کے مابین کھیلا گیا جسے سنگاپور نے 48کے مقابلے 50 گولوں سے جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین ظفر اقبال اعوان ، صدر مدثر آرائیں اور سیکرٹری جنرل محمد ریاض نے کھلاڑیوں کو مبارک باد دی ہے ۔
ایشیئن نیٹ بال چیمپئن شپ :پاکستان نے چاندی کا تمغہ جیت لیا
Dec 18, 2017