.خلیجی ممالک میں تنازعات حل کرانے کیلئے پاکستانی اقدامات قابل تعریف ہیں: قطر

Dec 18, 2017

اسلام آباد(سپیشل رپورٹ) پاکستان میں قطر کے سفیر صقر بن مبارک المنصوری نے قطر کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے دوطرفہ تعلقات کی ایک بڑی حیثیت یہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قطر پاکستان سے اپنے ہمہ جہتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ قطر پاکستان میں ترقیاتی ادارے قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی کے ذریعہ پاکستان کے ساتھ معاشی تعاون اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ قطر کی حساد ڈویلپمنٹ کے ذریعہ زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔ قطر کے سفیر نے کہا کہ قطر اور پاکستان کے درمیان توانائی کے شعبہ میں بھی عملدرآمد ہوا ہے۔ اسی سمجھوتہ کے ذریعہ قطر پاکستان میں توانائی کے شعبہ کی ضروریات پوری کررہا ہے۔ پاکستان اور قطر توانائی کے شعبہ میں مشترکہ منصوبوں پر بھی کام کررہے ہیں مشترکہ منصوبہ سے پاک قطر مشترکہ وزارتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔ قطر کی کمپنی کے تعاون سے پاکستان میں کوئلے سے چلنے والے توانائی کے منصوبہ کا آغاز کیا گیا۔ سفیر نے کہا کہ اس وقت ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد پاکستانی قطر میں کام کررہے ہیں۔ سفیر صقر بن مبارک المنصوری نے کہا کہ پاکستانی قطر ائیرپورٹ پر بھی ویزا حاصل کرسکتے ہیں۔ قطر کے سفیر نے خلیج کے بحران کے دوران پاکستان کے موقف کی بھی تعریف کی۔

مزیدخبریں