برلن (این این آئی) جرمن سکیورٹی حکام نے کہاہے کہ ملک کو ایسے شدت پسندوں کی طرف سے ممکنہ دہشت گردانہ حملوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جن کی کل تعداد اب سات سو بیس بنتی ہے اورجن میں درجنوں کی تعداد میں نابالغ نوجوان اور خواتین بھی شامل ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق تحفظ آئین کا وفاقی دفتر کہلانے والی اندرون ملک سلامتی کی نگران جرمن انٹیلیجنس سروس(بی ایف وی ) کے سربراہ ہنس گیورگ مآسین نے کہاکہ ملک میں امن عامہ کے لیے خطرہ سمجھے جانے والے افراد کی فہرست میں شامل اور تشدد پر آمادہ جنگجوﺅں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ ان سات سو سے زائد خطرناک جنگجوﺅں کی فہرست میں درجنوں کی تعداد میں مسلمان خواتین کے علاوہ ایسے نوجوانوں کے نام بھی شامل ہیں، جن کی عمریں اٹھارہ برس سے کم ہیں۔