لاہور/ کوئٹہ (نیوز رپورٹر+ بیورو رپورٹ) پنجاب میں 8، بلوچستان کے 20 اضلاع میں انسداد پولیو مہم آج شروع ہوگی، 90 لاکھ کے قریب بچوں کو بچائوکے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم 18 دسمبر سے 20 دسمبر تک جاری رہے گی۔ ان اضلاع میں لاہور، ملتان، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، راجن پور، رحیم یار خان اور شیخوپورہ شامل ہیں۔ اس سلسلے میں مہم کے لیے ہزاروںٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں موبائل، ٹرانزٹ اور فکسڈ سائٹس کی ٹیمیں شامل ہیں۔ سیکرٹری صحت علی جان خان نے کہا گزشتہ مہمات کے اعدادوشمار کی روشنی میں رہ جانے والے بچوں اور علاقوں پر خاص توجہ دی جاے گی۔ کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سنٹر برائے انسداد پولیو ڈاکٹر منیر احمد نے کہا کہ بین الصوبائی نقل و حمل پنجاب کے ایک بڑا چیلنج ہے۔ ڈاکٹر منیر نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے ضرور پلوائیں اور کسی جگہ ٹیمیں نہ پہنچنے کی صورت میں قریبی مراکز صحت تشریف لے جائیں۔ مہم کے دنوں میں 080099000 ہیلپ لائن پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح بلوچستان کے20 اضلاع میںپولیو مہم آ ج بروز پیر سے شروع ہوگی، ایمر جنسی آپریشن سینٹر کے کو آرڈینیٹر سید فیصل احمد نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پولیو مہم صوبے کے 20 اضلاع کی425یونین کونسلز میں آج سے شروع ہو رہی ہے۔ جن اضلاع میں پولیو مہم شروع کی جائیگی ان میںکوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ، چاغی، خضدار، لسبیلہ، نوشکی، مستونگ، بارکھان، جعفر آباد، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، نصیرآباد، ژوب، ڈیر ہ بگٹی، جھل مگسی، موسیٰ خیل، دکی، صحبت پور اور شیرانی کے اضلاع شامل ہیں۔ مہم کے دوران17 لاکھ75ہزار614 سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو مہم کے سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ سید فیصل احمد نے کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی میں والدین کا کردار انتہائی اہم ہے۔
پنجاب 8، بلوچستان کے 20 اضلاع میں انسداد پولیو مہم آج شروع ہوگی
Dec 18, 2017