اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیوکی والدہ اوراہلیہ کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاکستان کے دورے کیلئے ویزے کی درخواستیں موصول ہوگئی ہیں۔ سماجی رابطہ کی ویب سائٹ پر انہوں نے کہا کہ درخواست گزاروں کو ویزا اجراء کیلئے کارروائی جاری ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر بھارتی جاسوس اور دہشت گرد کل بھوشن جادیو کی والدہ اور بیوی کو پچیس دسمبر کو بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار کی موجودگی میں ملاقات اجازت دی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کوئٹہ میں زرغون روڈ پر ایک چرچ میں خود کش حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد، ہمارے ارادوں کو کمزور نہیں کر سکتے اور پوری قوم، دہشت گردی کی لعنت کے انسداد کیلئے پرعزم ہے۔