لاہور (صباح نیوز) محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اپنے انتقال کی جھوٹی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اپنی صحت یابی کا پیغام پوری قوم کو دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان افواہوں پر بالکل کان نہ دھریں، وہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بالکل صحت مند ہیں۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ کسی نے انٹرنیٹ اور واٹس ایپ کے ذریعے یہ جھوٹی خبر پھیلا دی ہے کہ میں انتقال کر گیا ہوں۔ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ یہ کسی کی خواہش تو ہو سکتی ہے کیونکہ ایسے لوگوں کی خواہشیں پوری ہونے لگیں تو پاکستان میں تو کوئی جانور بھی نہ زندہ بچے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ تمام کرم صرف اللہ تعالی کے ہاتھ میں جس کی بدولت میں بالکل ٹھیک ٹھاک اور صحت مند ہوں۔ ان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ میں تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں جو ہمیشہ مجھے اپنی دعائوں میں یاد رکھتے ہیں، میری ان سے درخواست ہے کہ وہ مجھے ایسے ہی اپنی دعائوں میں یاد رکھیں، اللہ تعالی آپ سب کا حامی و ناصر ہو۔