پاکپتن ( نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت)میونسپل کمیٹی کے پارک میں پرائیویٹ کمپنی کی جھولا ٹرین تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی، تین بچے شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل پار ک میں صبح کے وقت چھٹی کے باعث بڑی تعداد میں بچوں نے فیملی کے ساتھ پارک کا رخ کیا۔ پارک میں پرائیویٹ کمپنی کی ٹرین میں بچے جھولے کے لئے بیٹھ گئے ٹرین کی رفتار تیز اور ناقص فٹنگ کے باعث اچانک ٹرین الٹ گئی جس کے باعث بچے ٹرین کے اطراف آہنی جنگلے سے ٹکرا گئے اور چیخ و پکار کی آوازیں شروع ہو گئیں۔ ٹرین ڈرائیور بچوں کو سنبھالنے کی بجائے موقع سے فرار ہو گیا جبکہ حادثہ میں محلہ ٹاہلی والا کے رہائشی علی حارث، معصومہ اور ارسلان شدید زخمی ہو گئے۔ بچوں کی چیخ وپکار پر معمولی زخمیوں کو انکے والدین گھر لے روانہ ہو گئے جبکہ ریسکیو 1122 نے شدید زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا۔ حادثہ انتظامیہ کی نااہلی کے باعث پیش آیا۔
پاکپتن: پارک میں پرائیویٹ کمپنی کی جھولا ٹرین الٹ گئی، 3 بچے شدید زخمی
Dec 18, 2017