لاہور( خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے زیر اہتمام ٹرمپ کے بیت المقدس کے بارے میں فیصلہ کے ردّ عمل میں داتا دربار لاہور سے پنجاب اسمبلی تک بہت بڑا ’’القدس مارچ‘‘ کیا گیا۔ مارچ کی قیادت تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے مرکزی چئیرمین اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی اور دیگر قائدین نے کی۔ مظاہرین نے عربی زبان میں بیت المقدس کے بارے میں لکھے ہوئے کتبے اٹھا رکھے تھے۔اور مظاہرین بڑے جذباتی انداز میں ’’اللہ اکبر ،لبیک یا رسول اللہﷺ اور ہماری آن ہماری جان قبلہ اوّل پر قربان‘‘کے نعرے لگا رہے تھے۔ پنجاب اسمبلی کے سامنے’’ القدس مارچ‘‘ کے اختتام پر تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے مرکزی چئیرمین ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے عربی ،انگلش اور اردو میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ قبلہ اول کا تحفظ حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔مسلم حکمران فوری طوری پر بیت المقدس آرمی تشکیل دیں قبلہ اول کی آزادی کے لیے جہاد فرض ہو چکا ہے۔ٹرمپ یاد رکھے !دو ارب مسلمان بیت المقدس کے ابابیل ہیں۔ بیت المقدس کے تحفظ کے لیے مسلم قیادتیں یک آواز ہیں۔ رجب طیب اردگان کے اجلاس نے او آئی میں جان ڈال دی ہے۔ عرب حکمران فرقہ وارانہ تقسیم کو پس پشت ڈال کر او آئی سی کے اعلامیہ کو عملی جامہ پہنانے کے لیے میدان میں نکلیں۔ امت مسلمہ صرف بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت بنانے کے خلاف ہی نہیں بلکہ بیت المقدس پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خلاف بھی آواز بلند کرے مسجد اقصیٰ ہمارے نبی حضرت محمد ﷺ کی جائے امامت اور مسجد نبوی جائے امامت و ابدی اقامت ہے۔ بیت المقدس کے تحفظ ہی سے مدینہ منورہ کا تحفظ کیا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے آئندہ کا لائحہ عمل بیان کرتے ہوئے کہا کہ تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ تحریک ختم نبوت کے ساتھ تحفظ بیت المقدس کی تحریک بھی چلائے گی۔ چھوٹے بڑے شہروں میں تحفظ بیت المقدس کانفرنس منعقد ہو گی 24 دسمبر کو11 بجے دن شیرانوالہ باغ گوجرانوالہ میں تاجدار ختم نبوت ﷺ کانفرنس ہو گی۔ 4 جنوری کو داتا دربار سے مرکزی مارچ ہوگا اور پنجاب اسمبلی کے سامنے بیت المقدس کانفرنس اور شہداء ختم نبوت کا چہلم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کے مسئلے پر بعض مفتیان کرام کی خاموشی معنی خیز ہے۔ القدس مارچ میں پیر سید محمد خرم ریاض شاہ، صاحبزادہ محمد امین اللہ سیالوی، مولاناخالد محمود جلالی، مولانا محمد طارق لطیف نقشبندی، مولانا محمد مجاہد سعیدی، صاحبزادہ احمد رضا فاروقی، صاحبزادہ مرتضیٰ علی ہاشمی، مولانا محمد صدیق مصحفی، علامہ محمد فرمان علی جلالی خطاب کیا۔
.تحریک لبیک یارسولؐ کے زیر اہتمام داتا دربار سے پنجاب اسمبلی تک ’’القدس مارچ‘‘
Dec 18, 2017