موچھ (نامہ نگار) ختم نبوت پر ایمان ہمارے دین اسلام کا بنیادی جزو ہے جس کے بغیر کوئی بھی شخص دائرہ اسلام میں داخل نہیں ہو سکتا۔ کوئی مسلمان اس وقت تک کامل مومن نہیں ہو سکتا جب تک اسے اپنی جان و مال سے زیادہ محبت محبوب خدا سے نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار تحریک لبیک یا رسول اللہ پاکستان کے مرکزی چیئرمین علامہ حافظ خادم حسین رضوی، علامہ صاحبزادہ پروفیسر محمد ظفر الحق بندیالوی اور علامہ محمد توقیر الحسنین شاہ کاظمی سمیت دیگر مقررین نے جملہ خواجگان خواجہ آباد شریف کے 139 واں سالانہ عرس کے سلسلہ میں محفل میلاد مصطفیؐ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہا زاہد حامد کے بعد ختم نبوت پر ڈاکہ ڈالنے والوں سے بدلہ لینا ابھی باقی ہے لہٰذا عوام کو چاہیے 70 سال سے ووٹ دینے والوں کو اب بس کریں۔ بھائی بس ہم نے ووٹ حضور کے دین کیلئے تحریک لبیک یا رسول اللہ کو دینا ہے ہمارا منشور پاکستان کا مطلب کیا لا الٰہ الا اللہ ہے۔ عاشقان مصطفی پر گولیاں چلانے سے انکار کرنے پر ہم پاک فوج کی عظمت کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا دھرنا فیض آباد میں بارش اور سردی کے باوجود تمام عاشقان رسول جذبہ ایمانی سے موجود رہ کر اپنے سینوں پر گولیاں کھاتے رہے۔