اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) آئندہ عام انتخابات میں مکمل وقار اور راز داری کیساتھ ووٹ کا حق استعمال کرنے کے عزم کے ساتھ پاکستان میں خواجہ سرائوں، معذوروں اور خواتین نے ایک اتحاد قائم کر لیا ہے۔ اتحاد میں تینوں طبقات کے دس دس نمائندے شامل ہیں اس اتحاد کا نام کولیشن فار انکلیوسو پاکستان (سی آئی پی) رکھا ہے۔ اتحاد کے قیام کا مقصد ان طبقات کا خود کو الیکشن ایکٹ 2017 کیساتھ ہم آہنگ کرنا ہے جس میں ان طبقات کی انتخابی عمل میں با سہولت شرکت کیلئے کچھ سازگار دفعات شامل کی گئی ہیں۔ اتحاد کی افتتاحی تقریب میں شریک ان طبقات کے نمائندوں نے الیکشن کمیشن پر زور دیا ہے آئندہ انتخابات میں الیکشن ایکٹ کی ان سے متعلقہ دفعات پر انکی حقیقی روح کے مطابق عمل در آمد یقینی بنایا جائے۔