لیتھم کی ڈبل سنچری،ویلنگٹن ٹیسٹ میں سری لنکا کو اننگز کی شکست کا سامنا

ویلنگٹن (سپورٹس ڈیسک ) اوپننگ بلے باز ٹام لیتھم کی تاریخ ساز اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط کر لی ہے اور مہمان ٹیم کے خلاف مجموعی طور پر 296رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔پیر کو ویلنگٹن ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے 311 رنز 2 کھلاڑی آئوٹ سے اپنی پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو ٹام لیتھم 121 اور روس ٹیلر 50 رنز پر کھیل رہے تھے۔دن کے پہلے ہی اوور میں لہیرو کمارا نے ٹیلر کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی جو 50 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔اس کے بعد لیتھم کا ساتھ دینے ہنری نیکولس آئے اور دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 114 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی۔426 کے اسکور پر پریرا نے نیکولس کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، نکولس نے 50 رنز بنائے جبکہ بی جے واٹلنگ بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔اس کے بعد لیتھم نے کولن ڈی گرینڈ ہوم کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور 499 تک پہنچا دیا لیکن اس مرحلے پر ڈی سلوا نے گرینڈہوم کی 49رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔اس کے بعد کوئی کھلاڑی زیادہ دیر تک لیتھم کا ساتھ نہ دے سکا اور پوری ٹیم 578 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، لیتھم نے کیریئر کی بہترین 264 رنز کی اننگز کھیلی اور ناقابل شکست رہی۔سری لنکا کی جانب سے لہیرو کمارا نے 4، دلرووان پریرا اور دھنن جایا ڈی سلوا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں 296 رنز کے خسارے کے ساتھ سری لنکن ٹیم جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور 20 کے اسکور پر اس کے تین کھلاڑی آئوٹ ہو چکے ہیں۔ آئی لینڈرز کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 276 رنز درکار ہیں اور اس کی 7 وکٹیں باقی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن