دوہری شہریت والوں پرعہدہ کی پابندی‘چیئرمین ‘ایم ڈی پی سی بی بھی متاثر ہوسکتے ہیں

لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف سے دوہری شہریت اور پی آر کا درجہ رکھنے والوں کے ملکی اداروں میں اہم عہدوں پر تعینات نہ کرنے کے فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور نئے مینجنگ ڈائریکٹر بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ احسان مانی کے مطابق وہ دوہری شہریت تو نہیں رکھتے تاہم ذرائع کے مطابق وہ برطانیہ میں پرمنینٹ ریذیڈینس رکھتے ہیں اسی طرح نئے ایم ڈی بھی اسی حیثیت میں اس فیصلے کی زد میں آ سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق پاکستان کرکٹ بورڈ پر بھی ہوتا ہے۔ قانونی ماہرین اور کرکٹرز کے مطابق آنے والے دنوں میں اس فیصلے سے پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کے لیے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔ معروف قانون دان خالد رانجھا کا کہنا ہے کہ دوہری شہریت کیس کے فیصلے کی روشنی میں احسان مانی کے لیے بھی خطرات ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ عدالت کے اس فیصلے پر عملدرآمد کیسے کروایا جاتا ہے۔ ایسے افراد سے تو تنخواہیں بھی واپس لی جا رہی ہیں۔ دوہری شہریت یا پی آر رکھنے والے افراد کو سرکاری اداروں یا پھر حکومت کے زیر انتظام چلنے والوں اداروں میں اہم عہدوں پر تعیناتی سے دور رکھنے کا مقصد مفادات کے ٹکراو سے محفوظ رکھنا ہے۔ سابق چیف سلیکٹر و ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سب پر لاگو ہوتے ہیںوزیر اعظم پاکستان عمران خان کسی بھی اہم عہدے پر تعیناتی سے پہلے تصدیق کریں۔

ای پیپر دی نیشن