لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پاکستان کی قید میں ہے لیکن اس کا نیٹ ورک اب بھی فعال ہے۔ صوبے میں دہشتگردی کی کارروائیاں بڑھ گئیں ہیں۔ بھارتی جاسوس حامد نہال انصاری کی رہائی پاکستان کی طرف سے کشمیریوں کے قتل عام پر بھارت کو’’تحفہ‘‘ اور کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ بلوچستان میں خشک سالی سے بہت بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔ پینے کے پانی کا جلد انتظام نہ کیا ڈیم نہ بنائے گئے تو لاکھوں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو جائیں گے۔ بلوچستان سے ترقیاتی پیکج کے جو وعدے سابقہ موجودہ حکومت نے کیے ہیں، ان پر فوری عملدرآمد کا آغاز کیا جائے۔ اٹھارویں ترمیم میں جو اختیارات صوبوں کو دیئے گئے، ان پر کماحقہ عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں مہنگائی کا راج ہے، عوام کا نظام زندگی مفلوج ہوگیا۔ بلوچستان کے عوام کی شرکت کے بغیر سی پیک بے معنی ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں جماعت اسلامی بلوچستان کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب بعدازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی و دیگر بھی موجو د تھے۔ سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے خود اعتراف کیا ہے کہ وہ چار ماہ میں کوئی تبدیلی نہیں لاسکے۔ جو حکومت چار ماہ سے ڈائریکشن معلوم کرنے میں مصروف ہے، لوگوں میں ایک ایک کلو آٹا تقسیم کرنے سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوںگے۔ بلوچستان کی صورتحال کے پیچھے بھارتی سازشوں کا بھی بڑا عمل دخل ہے۔ بلوچستان سے اب بھی ہزاروں لوگ لاپتہ ہیں جن کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جارہا۔ اب تک ہر حکومت نے بلوچستان کے عوام کو وعدوں پر ٹرخانے کا سلسلہ جاری رکھا ہے جس سے صوبے کے عوام کا وفاقی حکومت پر اعتماد ختم ہو کر رہ گیا۔ سوئی گیس کی مد میں صوبے کے اربوں روپے وفاق پر واجب الادا ہیں۔