لاہور (خصوصی رپورٹر) عوام کو ریلیف فراہم کرنے اوراشیاء ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کے سلسلے میں حکومتی کاوشیں جاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے سیاسی امور محمد اکرم چوہدری نے شہر کے تمام بڑے اور اہم ڈیپارٹمنٹل سٹورز کے مالکان اور متعلقہ ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں کو ملاقات کی دعوت دیتے ہوئے کہا۔ وفد میں شامل مختلف عہدیداران نے مشیر وزیراعلیٰ پنجاب سے انکے دفتر میں ملاقات کی اورعوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ایسوسی ایشنز نمائندگان نے ریلیف کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور درپیش مسائل پر آگاہ کیا۔ اس موقع پر اکرم چوہدری کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف کی یقینی فراہمی کیلئے نئے ماڈل پر کام کر رہے ہیں۔حکومتی سبسڈی کا رخ مافیا کی بجائے سنجیدہ حلقہ احباب کی طرف موڑیں گے جن کا مطمع نظر صرف اور صرف منافع خوری کی بجائے عوام کے لئے ہمدردی بھی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے ساتھ رجسٹرڈ شہر کے 150 سے زائد سٹورز کو عوامی ریلیف کی منتقلی کیلئے ذمہ داری دی جا سکتی ہے۔ایسوسی ایشنز نمائندگان تجاویز دیں کیسے عوام کی فلاح کیلئے حکومتی کاوشوں کا حصہ بن سکتے ہیں۔ مزید براں محکمہ آبپاشی کے انجینئرز کے مطالبات کے معاملہ پرمشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے سیاسی امور محمد اکرم چوہدری نے ایک اجلاس بلایا اور انکے مسائل کے حل کیلئے سیکرٹری آبپاشی سید علی مرتضیٰ اور انکی ٹیم سے ملاقات کی۔ سیکرٹری آبپاشی نے انجینئرز ایسوسی ایشن کے مطالبات، ممکنہ تجاویز و حل اور محکمہ کے اقدامات پرجاری پیشرفت پر بریف کیا اور کہا کہ انجینئرز نے اپنے حق میں 10 مطالبات رکھے ہیں جن میں سے بیشتر قابل قبول ہیں۔اس موقع پر مشیر وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت دی کہ محکمہ آبپاشی قانون کی روشنی میں جائز مطالبات کو تسلیم کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے تمام ملازمین کے مطالبات پالیسی کے تحت ہی حل کئے جائیں۔کسی سرکاری ملازم سے نا انصافی اور زیادتی نہیں ہونی چاہئے۔
عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے حکومتی کاوشیں جاری ہیں: اکرم چودھری
Dec 18, 2018