اسلام آباد(نوائے وقت نیوز+ نامہ نگار) اشتعال انگیز انٹرویو کیس میں سابق سنیٹر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل رضا عابدی پر انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کر دی گئی جبکہ سماعت کے دوران فیصل رضا عابدی نے صحت جرم سے انکار کیا،انسداد دہشتگردی عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کرلیا۔ پیر کو انسداد دہشتگردی عدالت میں عدلیہ مخالف انٹرویو کیس کی سماعت ہوئی،عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصل رضا عابدی پر فرد جرم عائد کردی،ملزم فیصل رضاعابدی نے صحت جرم سے انکارکردیا،انسداددہشتگردی عدالت نے آئندہ سماعت پرگواہوں کوطلب کرلیا، فیصل رضا عابدی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سابق سینٹر کی طبیعت ناساز ہے ان کے ہسپتال منتقلی اور معائنے کا حکم دیاجائے جس پر عدالت نے حکم دیا کہ فیصل رضا عابدی کا دوبارہ طبی معائنہ کیا جائے اور کہا کہ ضرورت پیش آنے کے بعد منتقلی کا فیصلہ کیا جائے گا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔یاد رہے فیصل رضا عابدی کو تھانہ سیکریٹریٹ پولیس نے سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا تھا، فیصل رضا عابدی کو دفعہ 780 اے کے تحت حراست میں لیا گیا۔ستمبر میں فیصل رضا عابدی کے خلاف چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پردہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
فیصل عابدی