ادارہ معین الاسلام کااعزاز

Dec 18, 2019

قاضی عبدالرئو ف

ضلع سرگودھا کی ایک دورافتادہ بستی بیربل شریف میں قائم ادارہ معین الاسلام گذشتہ چار دہائیوں سے علم و عرفان کی شمع روشن کئے ہوئے ہے۔کم و بیش دو سو کنال قطعات اراضی پر پانچ کیمپس ایک ہزار طلبا کی تعلیمی ضروریات پوری کر رہے ہیں۔تعلیم کے ساتھ معیاری قیام و طعام مفت ہے۔ طلبا کی عزت نفس کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ چندہ یا قربانی کی کھا لیں وصول کرنے کے لئے کسی در پر نہیں بھیجا جاتا۔ موجودہ دور میں خانقاہی نظام کے زیر اہتمام فروغ تعلیم کی بہترین مثال ہے۔ادارہ کی انفرادیت دینی اور عصری علوم کا عمدہ امتزاج ہے۔حفظ قرآن کریم ، تجوید اور درس نظامی کے ساتھ پرائمری سے پی ایچ ڈی تک تعلیم کی سہولت مہیا کی جاتی ہے۔عصری اور دینی علوم کے امتزاج کا مقصد طلبا کا قیمتی وقت بچانا ہے۔ گریجویشن کے بعد مزید تعلیم کے خواہش مند طلبا کیلئے سرگودھا یونیورسٹی میں داخلہ کا انتظام کیا جاتا ہے۔ یہ طلبا دینی علوم کے حصول کے لئے تو ادارہ میں رہتے لیکن ایم اے اور ایم فل کے لئے روزانہ ایک سو بیس کلو میٹر کا فاصل طے کرکے سرگودھا یونیورسٹی جاتے ہیں۔ ادارہ وظائف کی صورت میں داخلہ فیس اور آمد و رفت کے خراجات میں معاونت کرتا ہے۔ امسال سرگودھا یونیورسٹی کے سالانہ کانووکیشن میں ادارہ کے پندرہ طلبا نے ایم اے اور ایم فل کے امتحانات میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر میڈلز، نقد انعامات اور اسناد حاصل کیں۔ اس شاندار کامیابی پر تمام طلبا اور اساتذہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔مخلصین ادارہ ممتاز ماہر تعلیم اور علم دوست ناظم ادارہ پروفیسرمحبوب حسین صاحب کو جنہوں نے اپنی زندگی اور وسائل اس عظیم مشن کے لیے وقف کئے ہوئے ہیں۔ عظیم تعلیمی اور سما جی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

مزیدخبریں