ٹوکیو (اے پی پی) جاپان کے شہر ہیروشیما میں 1945ء ایٹم بم حملوں میں محفوظ رہ جانے والی 2 قدیم عمارات کو گرانے کے انتظامی فیصلے کے خلاف ہزاروں افراد نے آن لائن درخواست پر دستخط کر دیئے۔ اس حوالے سے ہیروشیما کے حکام نے بتایا کہ یہ عمارات 9 اگست 1945 ء میں جاپان کے شہر ہیروشیما سے 2.7 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہیں جو ان حملوں میں محفوظ رہیں اور انہیں گزشتہ روز انتظامیہ نے 2022 ء تک گرانے کا فیصلہ کیا تاہم اس فیصلے سے مقامی لوگ ناخوش ہیں اور ہمیں اس کے خلاف اور ان عمارات کو بطور تاریخی علامت محفوظ کرنے کے حق میں 12 ہزار درخواستیں موصول ہوگئی ہیں۔ ہیروشیما بم حملوں میں شہر کی زیادہ تر عمارات منہدم ہو گئیں لیکن 2 عمارات جنہیںکنکریٹ اور لال اینٹوں سے بنایا گیا ان حملوں میں محفوظ رہیں تاہم عمارات کی کھڑکیوں اور دروازوں کو نقصان پہنچا، یہ عمارات 1913ء میں تعمیر کی گئیں جنہیں پہلے فوجی کپڑوں کے لیے بطور فیکٹری اور بعد ازاں انہیں یونیورسٹی سٹوڈنٹس کے رہنے کی جگہ جبکہ دوسری عالمی جنگ کے بعد ان عمارات کو میک شفٹ ہسپتال کے طور پر استعمال کیا گیا۔