کرسمس پر بچوں کو 50 سال سے کھلونے بھیجنے والا سانتا کلاز

Dec 18, 2019 | 15:14

ویب ڈیسک

 ان سے ملیے، یہ ہیں جم اینس جو امریکی فوج سے برسوں پہلے ریٹائر ہوچکے ہیں اور اب اپنی عمر کے 81 ویں سال میں ہیں۔ یہ پچھلے 50 سال سے اپنے علاقے میں غریب اور نادار بچوں کو کرسمس کے موقع پر سانتا کلاز کی طرف سے کھلونے بھیجتے ہیں۔یہ فلوریڈا کے شہر سینفورڈ کے رہائشی ہیں جبکہ بڑھئی (کارپنٹر) کے کام پر مہارت رکھتے ہیں۔ ہر سال وہ لکڑی کے ٹکڑوں سے 300 کے لگ بھگ کھلونے خود تیار کرتے ہیں اور انہیں سالویشن آرمی کے مقامی رضا کاروں کو دے دیتے ہیں جو کرسمس کی رات کو، خاموشی سے غریبوں کے دروازوں پر ان کھلونوں کے ڈبے رکھ دیتے ہیں۔صبح کے وقت جب ان گھروں میں رہنے والے بیدار ہوتے ہیں تو وہ اپنے بچوں کو ”سانتا کلاز“ کے بھیجے ہوئے تحفے دیتے ہیں جس سے ان میں خوشی کی لہر دوڑ جاتی ہے۔جم اینس بچوں کے لیے کھلونے بنانے کی غرض سے پورا سال اپنے پڑوسیوں سے لکڑی کے فالتو ٹکڑے خریدتے رہتے ہیں، جن پر ان کے تقریباً 1000 ڈالر خرچ ہوتے ہیں۔جم اینس کا کہنا ہے کہ مجھے پیسے کی کوئی پروا نہیں، بلکہ میں یہ چاہتا ہوں کہ اِن (غریب) بچوں کو میرے بنائے ہوئے کھلونوں سے خوشی ملتی رہے۔جم نے وضاحت دی کہ میرے والد کے پانچ بچے تھے اور وہ پورا سال سخت محنت کرنے کے باوجود بھی ہمارے لیے کرسمس پر کوئی تحفہ خرید نہیں پاتے تھے، اس لیے میں بخوبی جانتا ہوں کہ کرسمس پر ایک نامعلوم سانتا کلاز کی طرف سے ایک چھوٹا سا تحفہ ان چھوٹے بچوں کے لیے کتنی اہمیت رکھتا ہے ۔

مزیدخبریں