کاہنہ(نامہ نگار) نوکری کا جھانسہ دے کر کاہنہ میں نوجوان کا گردہ نکال لیا گیا، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کاہنہ گجومتہ کے رہائشی اختر کے 20 سالہ بیٹے بلال کو سرکاری نوکری دلوانے کا جھانسہ دے کر اس کے دوست ندیم نے جنرل ہسپتال میں ڈرائیور نذیر کے ساتھ مل کر اس کا گردہ نکال لیا۔ بلال کے والد اختر کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے کو سرکاری نوکری دلوانے کا جھانسہ دے کر اس کے دوست ندیم نے جنرل ہسپتال میں بطور ڈرائیور ڈیوٹی کرنے والے نذیر کے ساتھ ملایا جو اسے گاڑی میں بٹھا کر لے گئے اور راستے میں نشہ آور مشروب پلا کر بے ہوش کر دیا اور میرے بیٹے کا گردہ نکال لیا اور اسے گھر کے قریب پھینک کر فرار ہوگئے اور اس کے پیٹ پر پٹی بندھی تھی جسے قریب ہسپتال میں چیک کروایا تو ڈاکٹر نے تصدیق کی کے آپ کے بیٹے کا دایاں گردہ غائب ہے جس پر بلال کے والد نے تھانہ کاہنہ میں درخواست دی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جنرل ہسپتال کے ڈرائیور نذیر اس کے دوست ندیم اور خاتون سمیت 5 ملزمان کے خلاف درج کر لیا اور مزید تفتیش کے لیے تاحال کوئی بھی ملزم گرفتار نا ہو سکا۔
کاہنہ میں نوکری کا جھانسہ دے کر نوجوان کا گردہ نکال لیا،مقدمہ درج
Dec 18, 2020