لاہور/ اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار+ وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے ویب سرچ انجن گوگل، وکی پیڈیا پر دی گئی گمراہ کن اور جھوٹ پر مبنی معلومات، جس میں ’’اسلام کے موجودہ خلیفہ (نعوذ باللہ من ذٰلک) قادیانیوں کے موجودہ سربراہ مرزا مسرور کو ظاہر کیا گیا ہے۔ کے خلاف مذمتی قرارداد سینٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی ہے۔ حکومت کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ویب سرچ انجن گوگل، وکی پیڈیا پر دی گئی گمراہ کن اور جھوٹ پر مبنی معلومات شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا گمراہ کن معلومات کو فوری طور پر سرچ انجن گوگل، وکی پیڈیا وغیرہ سے ہٹایا جائے۔ قرارداد میںمزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ کئی روز سے اسلامیانِ پاکستان اور مسلمانانِ عالم پوری دنیا میں سراپا احتجاج ہیں۔ قرارداد میں سینٹ آف پاکستان کی طرف سے اس خدشہ کا بھی اظہار کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے عالمی سرچ انجنز، سوشل نیٹ ورکس کو پاکستان میں آپریٹ کرنے کے لئے آئین و قانون سے ماورا ایسی آزادی ہے کہ انہیں اسلامی اقدار، نظریہ پاکستان اور معاشرتی روایات کی پاسداری کی بجائے اسلام مخالف مواد فراہم کرنے کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔ قرارداد میںدین اسلام، عقیدہ ختم نبوت، نظریہ پاکستان اور ہماری معاشرتی روایات کے خلاف کی جانے والی سازشوں اور پروپیگنڈہ کے خلاف عملی اقدامات کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت و لاپرواہی نے کراچی کو تباہ کر دیا۔ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم دونوں جماعتیں اقتدار میں رہیں لیکن مسائل حل کرنے کے بجائے مزید بڑھائے گئے۔ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت نے بھی ڈھائی سال میں کراچی کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے عملاً کچھ نہیں کیا۔ جماعت اسلامی نے ماضی میں بھی عوام کی خدمت کی اور مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کی اور حقوق کراچی کی حالیہ تحریک میں بھی بنیادی مسائل کو اٹھایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ضلع شرقی کے امیر سید شاہد ہاشمی اور سیکرٹری ڈکٹر فواد احمد ضلع گلبرگ کے امیر فاروق نعمت اللہ قیم کامران سراج نے اپنے ضلع میں جماعت اسلامی کی دعوتی و تنظیمی عوامی خدمات اور سیاسی و سماجی سرگرمیوں کی رپورٹ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں اور آئندہ کی منصوبہ بندی کے حوالے سے تفصیلات پیش کیں۔ معراج الہدیٰ محمد اصغر محمد حسین محنتی حافظ نعیم الرحمان عبدالوہاب نائب امراء ڈاکٹر اسامہ رضی راجہ عارف سلطان سلیم اظہر تنظیم ضلع و علاقہ جے آئی یوتھ پبلک ایڈ کمیٹی اور برادر تنظیمات کے ذمہ داروں نے شرکت کی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک دعوتی اور انقلابی جماعت ہے۔ اسلامی نظام اور سود سے پاک معیشت سے ہی ملک اور قوم تمام مسائل اور بحرانوں سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔
حکمرانوں کی نااہلی‘ مجرمانہ غفلت نے کراچی کو برباد کر دیا: سراج الحق
Dec 18, 2020