لاہور (نامہ نگار) لاہورکے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے شالیمار میں قیصرکے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 5لاکھ روپے مالیت،ساندہ میں منظور کے گھر سے 4 لاکھ روپے مالیت، ماڈل ٹائون میں نصیر کے گھر سے 3 لاکھ روپے مالیت، برکی میں ناصر اور فیملی سے 4لاکھ روپے مالیت جبکہ نصیر آباد میں مشتاق اور فیملی سے ڈھائی لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون لوٹ لئے۔ دوسری طرف ڈاکوؤں نے سندر کے علاقہ میں خرم سے 2 لاکھ روپے اور موبائل فون، باٹاپور میں حفظ اللہ سے 65ہزار روپے اور موبائل فون، فیصل ٹائون میں شاہد سے 43ہزار روپے اور موبائل فون، کاہنہ میں محسن سے 28ہزار روپے اور موبائل فون، سبزہ زار میں نواز سے 14ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔ جبکہ شادباغ اور شادمان کے علاقوں سے دو کاریں شاہدرہ ،ڈیفنس اے، جنوبی چھائونی، سمن آباد اور اقبال ٹائون کے علاقوں سے پانچ موٹرسائیکلیں چوری کر لی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں ڈولفن پولیس اہلکاروں نے واپڈا کمپلیکس کوٹ لکھپت میں مقابلہ کے بعد 3 ڈاکو گرفتار کر لیے جبکہ ان کا ایک ساتھی فرارہوگیا۔ پولیس کے مطابق 4 ڈاکو شہریوں کو گن پوائنٹ پر لوٹ رہے تھے، مزاحمت پر شہری کو گولی مار دی جو زخمی ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر ڈولفن ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ اور 3 ڈاکووں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے چھینی گئی رقم، موبائل فونز، موٹر سائیکل و اسلحہ برآمد کرکے کوٹ لکھپت پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
لاکھوں کے 5 ڈاکے‘ کوٹ لکھپت میں مقابلہ کے بعد 3 ڈاکو گرفتار
Dec 18, 2020