پیپلز پارٹی،ایم کیو ایم نے کراچی کے مسائل بڑھائے،تحریک انصاف نے بھی کچھ نہیں کیا

Dec 18, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نا اہلی اور مجرمانہ غفلت و لاپرواہی نے کراچی کو تباہ و برباد کردیا،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم دونوں جماعتیں اقتدار میں رہیں، لیکن مسائل حل کرنے کے بجائے مزید بڑھائے گئے، پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت نے بھی ڈھائی سال میں کراچی کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے عملا کچھ نہیں کیا، جماعت اسلامی نے ماضی میں بھی عوام کی خدمت اور مسائل کے حل کی جدوجہد کی ہے اور حقوق کراچی کی حالیہ تحریک میں بھی بنیادی مسائل کو اٹھایا ہے، عوام کی ترجمانی کی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شرقی و گلبرگ کے دفاتر میں اضلاع کے ذمہ داران کے تنظیمی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماعات میں ضلع شرقی کے امیر سید شاہد ہاشمی اور سیکریٹری ڈاکٹر فواد احمد، ضلع گلبرگ کے امیر فارو ق نعمت اللہ، قیم کامران سراج نے اپنے ضلع میں جماعت اسلامی کی دعوتی و تنظیمی عوامی خدمات اور سیاسی و سماجی سرگرمیوں کی رپورٹ، بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں اور آئندہ کی منصوبہ بندی کے حوالے سے تفصیلات پیش کیں۔ اجتماع میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی،نائب قیم محمد اصغر،امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن، سکریٹری کراچی عبد الوہاب،نائب امرا ڈاکٹر اسامہ رضی، راجہ عارف سلطان، سلیم اظہر،تنظیم ضلع و علاقہ، جے آئی یوتھ، پبلک ایڈ کمیٹی اور برادر تنظیمات کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک دعوتی اور انقلابی جماعت ہے، اقامت دین کی جدوجہد اور عوامی خدمت کے ذریعے رضائے الہی کا حصول ہمارا مقصد ہے۔ نوجوانوں میں انقلابیت موجود ہے، ان کے ساتھ مل کر ایک بڑی اور حقیقی تبدیلی ممکن بنائی جاسکتی ہے اور موجودہ حکومت جو ایک وبا بن چکی ہے، اس سے بھی نمٹا جاسکتا ہے۔ سراج الحق نے کہا جماعت اسلامی اور الخدمت نے بلاشبہ کراچی سمیت ملک بھر میں کرونا وبا کے دوران خطرات کی پرواہ کیے بغیر لوگوں کی مدد کی ہے۔اسلامی نظام اور سود سے پاک معیشت سے ہی ملک اور قوم تمام مسائل اور بحرانوں سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔ 

مزیدخبریں