شرقپور، گکھڑ منڈی، گوجرہ میں گیس بحران شدید، گھریلو صارفین بے حال

Dec 18, 2020

شرقپور‘ گکھڑ منڈی‘ گوجرہ (نامہ نگاران) شرقپور اور گوجرہ سمیت کئی علاقوں میں گیس بحران شدید ہو گیا۔ گیس بندش سے گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شرقپور شریف میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا۔ سردی کی آمد کے ساتھ ہی گیس کے پریشر میں کمی اور غیر اعلانیہ بندش کی وجہ سے عوام کو متبادل ذرائع کی طرف رجوع کرنا پڑ رہا ہے۔ گھریلو خواتین کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوگیا۔ صبح ناشتے اور رات کے ٹائم گیس بند ہونے کی وجہ سے عوام ہوٹلوں سے غیر معیاری کھانا لینے پر مجبور ہیں۔ گوجرہ سے نامہ نگار کے مطابق سردی کی شدت بڑھنے کے ساتھ سوئی گیس کے پریشر میں کمی سے لوگوں کی مشکلات بڑھ گئیں۔ شہر کے مختلف علاقوں محلہ سمن آباد، بلال پارک، جمیل پارک، حسنیہ کالونی، علی پارک، سلطان پورہ، حفیظ پارک، حیدر پارک سمیت دیگر محلوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور پر یشر میں کمی سے خواتین کو امور خانہ داری سرانجام دینے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گکھڑ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق شدید سردی کے موسم میں گکھڑ اور مضافات میں گزشتہ کئی ہفتوں سے سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ صبح سے لیکر رات ایک بجے تک گیس کا بند رہنا اور پریشر کا انتہائی کم رہنا وبال جان بن گیا ہے۔ جبکہ مبینہ طور پر کمپریسر استعمال کرنے والوں نے بھی عام گیس صارفین کی مشکلات میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ ادھر غیرقانونی طور پرگیس ری فلنگ کرنے والے دوکانداروں نے بھی گیس کے نرخوں میں اضافہ کر دیا ہے اور 150 روپے فی کلو فروخت کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں