لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی سیریزکا پہلا میچ آج آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن 11 بجے شروع ہوگا۔ تین میچوں کی سیریز کے دیگر دو میچ 20 اور 22 دسمبر کو شیڈول ہیں۔ پاکستان کا ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں نیوزی لینڈ کیخلاف ریکارڈ کافی بہتر ہے۔ دونوں ٹیمیں اب تک 21 مرتبہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آچکی ہیں جس میں 13 میچز پاکستان نے جیتے اور 8 میں نیوزی لینڈ کامیاب ہوئی ہے۔پاکستان کا نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں سب سے زیادہ سکور 201 اورسب سے کم 101 ہے۔ قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ نے ایڈن پارک میں پہلے ٹی ٹونٹی میچ سے قبل آخری ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا ،قومی کھلاڑیوں نے مسلسل تین گھنٹے تک نیٹ سیشن کیا،نیٹ سیشن سے قبل کھلاڑیوں نے بیٹنگ ‘بائولنگ‘ فیلڈنگ سیشن میں بھی حصہ لیا،تمام کھلاڑیوں نے ٹریننگ سیشن میں بھرپور حصہ لیا۔ نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ کیلئے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ‘ اعلان کپتان شاداب خان نے کیا۔انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ قومی ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔پہلے ٹی ٹونٹی کیلئے سکواڈ کی قیادت شاداب خان کر رہے ہیں جبکہ ٹیم کے باقی کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، حیدر علی، سرفراز احمد، محمد حفیظ ، حارث روف، افتخار احمد، عماد وسیم، خوشدل شاہ ، محمد حسنین، فہیم اشرف ، شاہین شاہ آفریدی، حسین طلعت، وہاب ریاض اور محمد رضوان شامل ہیں۔شاداب نے کہاکہ سیریز میں بابر اعظم کی کمی ضرور محسوس ہوگی ، ٹی ٹونٹی میں بابراعظم کی طرح میں بھی جارحانہ کپتانی کرنے کا عادی ہوں۔انہوں نے کہا کہ ایڈن پارک میں کھیلنے کا تجربہ ہے، یہاں باونڈریز چھوٹی ہیں، تماشائیوں کی موجودگی میں دوبارہ کھیلنے کے منتظر ہیں، ٹیم میں موجود نئے کھلاڑیوں کیلئے بہترین موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا جوہر دکھائیں۔ کرونا وائرس اور کنکشن کے قوانین کی وجہ سے ہمیں 17 رکنی سکواڈ ساتھ رکھنے کی اجازت ہے، موسیٰ خان اور عثمان قادر 15 رکنی سکواڈ میں تو نہیں مگر ضرورت پڑی تو استعمال کرسکتے ہیں۔