منیلا(شِنہوا) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مغربی بحرالکاہل کے علاقائی دفتر نے کرونا وائرس (کوویڈ19-) کی ویکسین کے اجرا کے بعد زیادہ سے زیادہ چوکنا رہنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ویکسین ایک طلسماتی حل نہیں ہے جو پہلے سے 16 لاکھ سے زیادہ جانیں لینے والی تقریبا ایک سال سے جاری وبا کو ختم کردے گی۔ عالمی ادارہ صحت کے علاقائی ڈائریکٹر برائے مغربی بحرالکاہل تاکیشی کسائی نے جمعرات کو ایک ورچوئل میڈیا بریفنگ میں کہا کہ آپ جو بھی ہیں، جہاں بھی رہتے ہیں، جب تک وائرس کہیں نا کہیں گردش کررہا ہے ہم سب کو خطرہ لاحق ہے اور ہمیں بدترین صورتحال کے لئے اپنی تیاری کرتے رہنا چاہئے۔ کسائی نے وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والی بے چینی اور غیر یقینی صورتحال کے باوجود نوجوان اور 40 سے کم عمر سماجی لحاظ سے متحرک افراد سے اپیل کی کہ وہ اپنے اور اپنے آس پاس کے ہر فرد کو اس وبا سے بچانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔ کسائی نے کہا کہ شعبہ صحت کے حکام کے مشوروں پر عمل کرکے آپ اپنے معاشرے کے لوگوں کی زندگیوں کی براہ راست حفاظت کرتے ہوئے 2021 میں اپنے معاشرے کی معاشی بحالی میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔
کرونا ویکسین طلسمانی کی حل نہیں، ہم سب کو خطرہ ہے، ڈبلیو ایچ او کا انتباہ
Dec 18, 2020