آکلینڈ: نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ نائٹ ہوگا اور برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بجے کھیلا جائیگا۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ کیلئے 15 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، ٹیم کی قیادت شاداب خان کرینگے۔ سکواڈ میں عبداللہ شفیق، حیدر علی، سرفراز احمد، محمد حفیظ ، فہیم اشرف ،حارث رؤف، افتخار احمد، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حسنین، شاہین شاہ آفریدی، حسین طلعت، وہاب ریاض اور محمد رضوان ٹیم کا حصہ ہیں۔
کپتان شاداب خان نے کہا کہ کووڈ 19 اور کنکشن کے قوانین کی وجہ سے ہمیں 17 رکنی سکواڈ ساتھ رکھنے کی اجازت ہے، موسیٰ خان اور عثمان قادر 15 رکنی سکواڈ میں تو نہیں مگر ضرورت پڑی تو استعمال کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ پاکستان کی قیادت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، بابر اعظم کی کمی ضرور محسوس ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بابراعظم کی عدم موجودگی نئے کھلاڑیوں کے لیے صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہے، بابر اعظم کی طرح جارحانہ کپتانی کرنے کا عادی ہوں، ایڈن پارک میں کھیلنے کا تجربہ ہے، یہاں باؤنڈریز چھوٹی ہیں، تماشائیوں کی موجودگی میں دوبارہ کھیلنے کے منتظر ہیں۔