دیہاڑی دار طبقہ اپلوں  پر کھاناپکانے پر مجبور


کراچی( کامرس رپورٹر)مہنگائی کے شدید حملوں کے دوران کراچی میں دیہاڑی دار کم آمدن والا طبقہ گیس کی قلت کے سبب اپلوں سے کھانا پکانے پر مجبور ہوگیا۔حکومت رعایت دے نہ دے، ایل این جی آئے نہ آئے،اپلے  اب کھانے پکانے کے ایندھن میں بھی آخری امید بن گئے ہیں اورویسے بھی8ہزار روپے کے ماہانہ ایل پی جی کے خرچ کے مقابلے میں اپلے سستے یا تقریباً مفت میں مل سکتے ہیں۔کراچی کے علاقے شیر شاہ میں اب پہلے کی طرح جگہ جگہ باڑے نہیں اس لیے اپلے کم اور خریدار زیادہ ہیں لہٰذا اپلوں کی بھی قیمت بڑھی ہے، پہلے ایک بوری اپلے 40 روپے میں دستیاب تھے لیکن اب ان کی قیمت100یا اس سے بھی زائد ہے، پنجاب کے کئی علاقوں سے اطلاع ہے کہ ایک اپلہ 4 سے5 روپے کا ہوگیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اپلوں کا دھواں نقصان دہ ہے۔ لیکن کیا کیا جائے کہ مہنگائی کی آگ نے سارا احساس مٹا دیا ہے اور لوگ  اب اپلوں کے دھویں کاخطرہ بھی مول لینے کیلئے تیار ہیں۔

ای پیپر دی نیشن