لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے دورے پر آئی ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم واپس اپنے گھر روانہ ہوگئی ہے۔ٹی ٹونٹی سیریر مکمل اور ون ڈے سیریز ملتوی ہونے کے بعد پہلے مرحلے میں 20 رکنی دستہ وطن واپس روانہ ہوگیا ہے، گھر کی راہ لینے والوں میں کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ کے ارکان شامل ہیں۔پی سی بی ترجمان کے مطابق جمعہ کی صبح کراچی سے ویسٹ انڈیز سکواڈ کے 20 ارکان کی روانگی ہوئی جن میں کھلاڑی اور سپورٹ سٹاف کا عملہ بھی شامل ہے جبکہ کوچ فل سمنز نے واپسی کیلئے گزشتہ شام کی فلائٹ پکڑی ہے، باقی 6 کھلاڑی اور 3 سپورٹ سٹاف کے ارکان جن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا وہ ہوٹل میں ہی قرنطینہ مکمل کریں گے، ان کی وطن روانگی کا بندوبست کروناٹیسٹ منفی آنے پر ہوسکے گا۔پاکستان ویسٹ انڈیز ون ڈے سیریز کے ملتوی ہوجانے پر ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کے معاملے پر نجی کمپنی کے مطابق پی سی بی کی ہدایت پر ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کا شیڈول جاری کردیا جائے گا۔نجی کمپنی کا کہنا ہے کہ ون ڈے سیریز کے ٹکٹ ری شیڈولڈ سیریز میں بھی قابل استعمال ہوسکیں گے، جو لوگ ٹکٹ واپس کرناچاہیں گے،انہیں تین سے چار روز میں رقم واپس کردی جائے گی۔نجی کمپنی کے مطابق جن لوگوں نے ٹکٹ خریدے ہیں انہیں اصل شناختی کارڈ دکھانا لازمی ہوگا۔خیال رہے کہ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے نے کے بعد پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز ملتوی کردی گئی ہے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز جون 2022 تک ملتوی کی گئی ہے۔