اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان کی صدارت میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کے ڈویژن کی طرف سے پیش کردہ احساس ٹارگٹڈ کموڈٹی سبسڈی پروگرام کیلئے یکم جنوری سے 30 جون 2022 کی مدت کے لیے 106.1 بلین روپے کی منظوری دیدی، اس پروگرام کیلئے سبسڈی سے کریانہ سٹورز کے بھی مستفید ہوں گے۔ ٹیلی کام آپریٹرز کے لیے ایس ایم ایس چارجز، پاکستان موبائل نمبرز پورٹیبلٹی ڈیٹا بیس اور نادرا کے لیے تصدیقی چارجز، موبلائزیشن چارجز اور دیگر آپریشنل اخراجات بھی اس رقم سے ادا ہوں گے، ای سی سی نے کریانہ ریٹیلرز کے لیے8 فیصد احساس راشن کمیشن کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ "احساس راشن رعایت ڈیزائن کے تحت، کریانہ ریٹیلرز کے لیے 8فی صد خصوصی کمیشن عالمی طریقہ کارکے عین مطابق ہے۔ سرکاری بیان کے مطابق کریانہ ریٹیلرز بھی ہر سہ ماہی ہونے والے لکی ڈرا سے کاریں، موٹر سائیکلیں، موبائل فون اور دیگر مختلف انعامات جیت کرفائدہ اٹھائیں گے۔ نیشنل بنک آف پاکستان حساس راشن رعایت پروگرام کے لیے حکومت کا عملدرآمدی شراکت دار ہے۔ فی الحال، احساس راشن پورٹل ملک بھر میں تمام پیمانے کے کریانہ ریٹیلرز کو رجسٹر کرنے کے لیے کھلا ہے۔ بنک اکاؤنٹ کا ہونا لازمی ہے۔ خاندان 8171 کے ذریعے رجسٹر کر سکتے ہیں۔